وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر افغان حکومت تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور دیگر شدت پسند گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرے تو پاکستان ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی انتقال کرگئے
بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ امن، سلامتی اور ترقی کے موضوع پر پارلیمانی رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم پر لانا پاکستان کے لیے باعث فخر ہے۔ ان کے مطابق امن و استحکام ہی پائیدار ترقی کی بنیاد ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر قیمت ادا کی ہے۔ انہوں نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بات چیت میں تعاون کرنے والے برادر ممالک کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان ہی علاقائی رابطے، ترقی اور خوشحالی کی کنجی ہے۔ شدت پسند گروہ افغانستان اور اس کے باہر امن کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ پاکستان نے ہمیشہ مظلوم اقوام کی حمایت کی ہے اور کئی بار امن دشمن کارروائیوں کا سامنا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی صرف اسی معاشرے میں ممکن ہے جہاں امن اور سلامتی ہو، کیونکہ امن و استحکام ہی پائیدار ترقی کے ضامن ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ استحکام اور دفاعِ وطن میں عزم کا مظاہرہ کیا ہے اور ہماری مسلح افواج نے پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ پاک افغان مذاکرات میں برادر ممالک کی معاونت قابلِ تحسین ہے۔