Gas Leakage Web ad 1

اگلے چند گھنٹے میں شدید بارش کی پیشگوئی، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

0

**لاہور:** محکمہ موسمیات نے اگلے چند گھنٹوں میں شدید بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے اربن فلڈنگ (شہری سیلاب) کا خدشہ ظاہر کر دیا۔

Gas Leakage Web ad 2

**تفصیلات:** پنجاب میں مون سون کی تیز بارشوں نے تباہی مچادی ہے، طوفانی بارشوں سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں اگلے چند گھنٹے میں موسلادھار بارش متوقع ہے، جبکہ راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں شدید بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

پی ڈی ایم اے نے دریاؤں اور ندی نالوں میں ممکنہ سیلاب کے خدشے کا الرٹ جاری کردیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے۔ دریائے سندھ میں کالا باغ اور چشمہ کے مقام پر درمیانے درجے، جبکہ تربیلا اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر بڑے شہروں کی انتظامیہ کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے بارشوں کے باعث شہری سیلاب کے خطرے سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

لاہور میں مون سون بارشوں کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر موسیٰ رضا کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور واسا مکمل طور پر متحرک ہیں۔ ڈی سی لاہور نے کہا ہے کہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو، اس کے لیے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ محکمے فیلڈ میں موجود رہیں۔

گزشتہ روز لاہور میں 110 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث ظہور الہی روڈ، گلبرگ، والٹن، غازی آباد، تاج پورہ، اچھرہ، شاہ جمال سمیت کئی علاقے کئی گھنٹوں تک پانی میں ڈوبے رہے۔

اٹک میں 133 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس سے سڑکیں، گلیاں، محلے اور دکانیں پانی میں ڈوب گئیں۔ چنیوٹ، نارووال، اوکاڑہ اور جہلم میں بھی طوفانی بارشیں ہوئیں، جس کے باعث سڑکوں اور محلوں میں ندی نالے بہنے لگے اور کئی علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔

دریائے چناب میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، پانی دس دیہات میں داخل ہو چکا ہے جس سے فصلیں اور مکانات زیر آب آ گئے ہیں۔ حجرہ شاہ مقیم اور گردونواح میں بھی موسلادھار بارش ہوئی ہے، جس سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ہیں۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.