صومالیہ کے سرکاری وفد کا نادرا ہیڈکوارٹرز کا دورہ,سماجی فلاحی اقدامات میں دلچسپی کا اظہار

0

اسلام آباد – وفاقی جمہوریہ صومالیہ کے ایک اعلیٰ سطحی سرکاری وفد نے نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے ہیڈکوارٹرز کا مطالعاتی دورہ کیا۔ اس وفد کی قیادت وزارت محنت و سماجی بہبود کی پروگرام ڈائریکٹر محترمہ فردوسہ احمد عبدالاہی نے کی۔ وفد پاکستان کے مختلف سماجی و فلاحی پروگراموں کا جائزہ لینے کے لیے مطالعاتی دورے پر موجود ہے۔

دورے کے دوران نادرا حکام کی جانب سے وفد کو ملک میں جاری مختلف سماجی فلاحی منصوبوں میں نادرا کے کلیدی کردار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ خصوصی طور پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)، قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری (این ایس ای آر)، وطن کارڈ، کووڈ ایمرجنسی کیش پروگرام اور دیگر سماجی تحفظ اسکیموں میں نادرا کی خدمات کو اجاگر کیا گیا۔

مزید برآں، نادرا کے ذریعے صحت عامہ کے پروگرامز میں فراہم کی جانے والی معاونت کا بھی ذکر کیا گیا، جن میں نیشنل امیونائزیشن مینجمنٹ سسٹم (نِمز) کے تحت کووڈ-19، پولیو اور یرقان ویکسین کے سرٹیفکیٹس کے اجراء کی تفصیلات شامل تھیں۔

نادرا حکام نے وفد کو ڈیجیٹل ڈیٹابیس سسٹم، ملک گیر سروسز کی فراہمی، اور شفافیت پر مبنی انتظامی ماڈل کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ وفد کو بتایا گیا کہ نادرا، حکومتِ پاکستان کی ہدایت پر، صومالیہ کے قومی شناختی نظام کے قیام اور اسے مؤثر بنانے میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

وفد کی سربراہ محترمہ فردوسہ احمد عبدالاہی نے حکومت پاکستان اور نادرا کی خدمات پر بھرپور شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے تجربات صومالیہ کے لیے ایک قیمتی ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے تکنیکی معاونت اور اشتراک عمل کو قابلِ قدر قرار دیا۔

دورے کے دوران ورلڈ بینک کے شعبہ سماجی تحفظ کے ماہر نصیر خان بھی وفد کے ہمراہ موجود تھے، جنہوں نے نادرا کے کردار کو عالمی معیار کا قرار دیا۔

یہ دورہ پاکستان اور صومالیہ کے درمیان دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی ایک اہم کڑی سمجھا جا رہا ہے، جس سے دونوں ممالک کے مابین سماجی ترقی کے شعبے میں باہمی تعلقات کو فروغ ملے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.