دوحہ میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد، مسئلہ کشمیر پر یکجہتی، قطر کے مؤثر کردار اور مسلم ممالک کی ذمہ داریوں پر زورقطر کے دارالحکومت دوحہ میں راجہ عابد یوسف کی جانب سے ایک استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کشمیری کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مودی حکومت کے عزائم، کشمیری قیادت کی ذمہ داریوں، اور کشمیری عوام کے لیے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

تقریب کے مقررین میں سابق امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر عبدالرشید ترابی سمیت دیگر شخصیات شامل تھیں، جنہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف کشمیری عوام کو اپنی تحریک کو مزید مضبوط اور منظم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تنظیمی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر صرف آزادی کے یک نکاتی ایجنڈے پر اتحاد وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔
قطر کے کردار ار پر بات کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ حکومتِ قطر نے فلسطین، بالخصوص غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے جو نمایاں کردار ادا کیا، وہ امت مسلمہ کے لیے قابلِ ستائش ہے۔ اسی بنیاد پر توقع کی جا رہی ہے کہ قطر مسئلہ کشمیر کے مستقل اور پائیدار حل کے لیے بھی اپنی حمایت کا تسلسل برقرار رکھے گا اور اس مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے گا۔ مقررین نے یاد دلایا کہ ماضی میں بھی قطر نے کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کی ہے اور 2005 کے تباہ کن زلزلے کے بعد آزاد کشمیر میں متاثرین کی بحالی کے لیے بھی قطر چیریٹی کے ذریعے نمایاں خدمات انجام دی گئی تھیں۔
تقریب میں عالمی میڈیا، بالخصوص الجزیرہ نیٹ ورک کی اہمیت پر بھی گفتگو ہوئی، جس نے ہمیشہ دنیا بھر کے مظلوم عوام، بشمول فلسطین اور کشمیر کے عوام کی ترجمانی کی ہے۔ مقررین نے دیگر مسلم ممالک کو مشورہ دیا کہ وہ بھی قطر کی تقلید کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے فعال سفارت کاری کو فروغ دیں۔
سوال و جواب کی نشست میں عبدالرشید ترابی نے کہا کہ اس وقت پوری حریت قیادت بھارتی جیلوں میں قید ہے، اس لیے ہر کشمیری پر لازم ہے کہ وہ ان کی ترجمانی کرے اور ان کی آواز بنے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر، جو کہ تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے، اگر اس کا کردار مزید مؤثر ہو جائے تو مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی یقینی ہے۔ انہوں نے پاکستان کے کردار پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک فریق کی حیثیت سے کشمیری عوام کی حمایت کرنے کا پابند ہے اور کوئی بھی حکومت اس معاملے میں بے وفائی نہیں کر سکتی، کیونکہ ماضی میں جنہوں نے ایسا کرنے کی کوشش کی، وہ تاریخ میں نشانِ عبرت بن گئے۔
تقریب کے اختتام پر میزبان راجہ خالد کا شکریہ ادا کیا گیا اور تحریک آزادی کشمیر کے اولین سرخیل مقبول بٹ سمیت دیگر شہدا کے درجات کی بلندی اور تحریک آزادی کی کامیابی کے لیے دعا کی گئی۔



