پاکستان 23 سے 26 نومبر تک انٹرنیشنل نیٹ ورک فار نیوکلیئر سیکیورٹی ٹریننگ اینڈ سپورٹ سینٹرز (این ایس ایس سی نیٹ ورک) کے 15ویں سالانہ اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ چار روزہ بین الاقوامی کانفرنس عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے اشتراک سے منعقد ہوگی۔

اجلاس میں آئی اے ای اے کے نمائندوں کے علاوہ این ایس ایس سی نیٹ ورک کے 49 رکن ممالک کے مندوبین بھی شرکت کریں گے۔
پاکستان تنازعات کا حل چاہتا ہے، امریکا ایران مذاکرات میں پاکستان کا فعال سفارتی کردار جاری ہے: بلاول
اس اہم بین الاقوامی اجلاس میں شرکا جوہری سلامتی کے شعبے میں تربیت اور معاونت کے نظام کو مزید مؤثر بنانے، بین الاقوامی تعاون کے فروغ اور تجربات کے تبادلے سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اس سے قبل 2016 میں بھی این ایس ایس سی نیٹ ورک کے سالانہ اجلاس کی میزبانی کر چکا ہے۔ اس وقت یہ کانفرنس پہلی مرتبہ آئی اے ای اے کے ویانا میں واقع مرکزی صدر دفتر سے باہر منعقد کی گئی تھی۔
اسلام آباد میں 15ویں سالانہ اجلاس کا انعقاد جوہری سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم اور اس شعبے میں بین الاقوامی سطح پر جاری کوششوں کا عکاس ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان عالمی تعاون، علم کے تبادلے اور پائیدار صلاحیت سازی کے ذریعے جوہری سلامتی کے شعبے میں اپنا کردار مسلسل ادا کر رہا ہے۔



