پاکستان اور عمان کے درمیان توانائی کے شعبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور عمان کی کمپنی او کیو ٹریڈنگ کے درمیان پٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔

معاہدے کے تحت عمان کی کمپنی پی ایس او کو پٹرولیم مصنوعات کی خریداری کے لیے 200 ملین ڈالر کی کریڈٹ سہولت بھی فراہم کرے گی۔
ریفرنڈم کے معاملے پر وزراء کے ایک مخصوص گروپ کے طرز عمل کی مذمت کرتے ہیں: رضا ربانی
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے مسقط میں عمان کے وزیر توانائی و معدنیات انجینئر سالم العوفی سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی، تیل، گیس اور معدنیات کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں وزراء نے پی ایس او اور او کیو ٹریڈنگ کے درمیان معاہدے کی تقریب میں بھی شرکت کی۔
معاہدے کے تحت پی ایس او کو پٹرولیم مصنوعات کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے ایک باقاعدہ تجارتی فریم ورک قائم کیا جائے گا۔ اس پیش رفت کو پاکستان کی توانائی سکیورٹی مضبوط بنانے اور پٹرولیم درآمدات کے ذرائع میں تنوع پیدا کرنے کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور عمان کے درمیان آئل اینڈ گیس کے شعبے میں مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کا بھی خیرمقدم کیا گیا۔ دونوں وزراء نے اس گروپ کے ذریعے توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
حکام کے مطابق عمان کی کمپنی او کیو ٹریڈنگ نے 2026 کے دوران پی ایس او کو 10 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد پٹرول فراہم کیا، جبکہ پاکستان کو ایل پی جی کی فراہمی 2026 کے اختتام تک ایک لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔
دونوں ممالک نے توانائی کے شعبے میں تجارتی شراکت داری کو مزید وسعت دینے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔



