عوام اختیار دیں جنوبی پنجاب کو سنواردینگے، پرانے انڈوں سے استحکام نہیں آئے گا:سراج الحق

0

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب پر چند خاندانوں کا قبضہ ہے جنہوں نے خود تو خوب کمایا مگر عوام کو محروم رکھا۔زرعی اعتبار سے سونا اگلنے والی زمینوں کے باوجودعلاقہ کاکسان محروم اور پریشان ہے، پڑھا لکھا نوجوان ملک سے باہر بھاگ رہا ہے،خواتین بچوں کا پیٹ پالنے کے لیے خود مزدوریاں کرنے پر مجبور ہیں،بہاولپور سے زیادتی کی گئی۔ پیپلز پارٹی، ن لیگ، تحریک انصاف نے جنوبی پنجاب کے عوام سے جھوٹے وعدے کئے۔عوام جماعت اسلامی کو اختیار دیں۔

ہم جنوبی پنجاب کو سنواریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں انتخابات کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔امیرجماعت نے سندھ حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر کراچی میں جماعت اسلامی کی اکثریت کو اقلیت میں بدلا گیا تو حالات کی ذمہ دار صوبائی حکومت ہوگی۔

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی راؤ ظفر، امیر ضلع ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے بھی کنونشن سے خطاب کیا۔جماعت اسلامی پنجاب جنوبی نے کنونشن کا انعقاد کیا تھا جس میں خواتین کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔ ملک کی مجمو عی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پرانے انڈوں کو نئی ٹوکری میں ڈالنے سے استحکام نہیں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر مسلط ظالم جاگیردار، وڈیرے اور کرپٹ سرمایہ دار امریکہ کے وفادار ہیں۔

اگر روس پاکستان میں آجاتا تو یہ اس کے ٹینکوں پربھی بیٹھ جاتے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں روزانہ 7 ارب کرپشن ہوتی ہے۔صرف موٹروے کے ایک حصہ کی تعمیرمیں 6 ارب کا غبن سامنے آیا ہے۔حکمران کرپشن روکنے کے بجائے بیرونی قرضوں پر انحصار کرتے ہیں۔ ہر حکومت آئی ایم ایف کی طرف دیکھتی ہے،عالمی مالیاتی ادارے سے اب تک23 پروگرام سائن ہوئے، ملک آگے کے بجائے پیچھے گیا۔ آج بنگلہ دیش کا گروتھ ریٹ ہم سے زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں عدالتیں یرغمال ہیں، فائلیں نہیں، چہرے دیکھ کر فیصلے ہوتے ہیں، احتساب کا نظام ختم ہوگیا، پہلے ن لیگ اداروں پر تنقید کرتی تھی اب پی ٹی آئی وہی کام کررہی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.