چین نے دنیا کا پہلا 10 ٹن وزنی برقی مسافر طیارہ کامیابی سے اڑا لیا
19 نشستوں پر مشتمل سی ای 25 اے طیارے کی پہلی انسانی عملے کے ساتھ آزمائشی پرواز مکمل، طیارہ 300 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ویب ڈیسک: چین نے ہوا بازی کی دنیا میں ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے بیٹری سے چلنے والا دنیا کا پہلا 10 ٹن وزنی تجارتی مسافر طیارہ کامیابی سے اڑا لیا، جسے فضائی سفر میں روایتی ایندھن کے متبادل کی جانب ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

چین میں تیار کیے گئے برقی طیارے ’سی ای 25 اے‘ نے ہفتے کے روز مشرقی صوبے شان ڈونگ کے شہر بن ژو میں اپنی پہلی انسانی عملے کے ساتھ آزمائشی پرواز مکمل کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آزمائشی پرواز کے دوران طیارے میں دو پائلٹس اور ایک فلائٹ ٹیسٹ انجینئر سوار تھے، جنہوں نے طیارے کی کارکردگی اور پروازی صلاحیتوں کا جائزہ لیا۔
یہ جدید برقی طیارہ چین کی سرکاری ایرو اسپیس کمپنی کمرشل ایئرکرافٹ کارپوریشن آف چائنا (کومیک)، معروف بیٹری ساز ادارے سی اے ٹی ایل، شنگھائی جیاؤ تونگ یونیورسٹی اور دیگر شراکت دار اداروں کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سی ای 25 اے دنیا کا پہلا 10 ٹن وزنی اور 19 نشستوں پر مشتمل تجارتی مسافر طیارہ ہے جو مکمل طور پر بیٹری سے حاصل ہونے والی برقی توانائی کے ذریعے پرواز کرتا ہے۔
اس سے قبل طیارے کی بغیر پائلٹ کے 19 خودکار آزمائشی پروازیں بھی کامیابی سے مکمل کی جا چکی تھیں، جس کے بعد اسے انسانی عملے کے ساتھ پرواز کے مرحلے تک پہنچایا گیا۔
طیارے کی تکنیکی خصوصیات کے مطابق یہ زیادہ سے زیادہ 2 ہزار 400 میٹر کی بلندی تک پرواز کر سکتا ہے، جبکہ اس کی رفتار 300 کلومیٹر فی گھنٹہ اور ایک مرتبہ چارج ہونے پر پرواز کی حد تقریباً 400 کلومیٹر ہے۔
واضح رہے کہ آسٹریا میں 21 اکتوبر 1973 کو موٹر گلائیڈر ایم بی ای ون نے انسانی موجودگی میں بیٹری سے چلنے والے مکمل سائز کے برقی طیارے کی پہلی پرواز کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ تاہم چین کا سی ای 25 اے اپنی 19 نشستوں اور تجارتی مسافر طیارے کی حیثیت کے باعث ایک منفرد پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق برقی طیاروں کی تیاری اور آزمائشی پروازوں میں کامیابی مستقبل میں فضائی سفر کے اخراجات، ماحولیاتی آلودگی اور روایتی ایندھن پر انحصار کم کرنے کی کوششوں میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔



