مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی پولیس نے رمضان سے قبل مسجد اقصیٰ کے امام شیخ محمد العباسی کو گرفتار کر لیا ہے۔
فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے پیر کی شام مسجد کے صحن سے شیخ محمد العباسی کو حراست میں لیا، تاہم گرفتاری کی وجہ واضح نہیں کی گئی۔ یہ کارروائی ایسے وقت میں ہوئی جب مسجد اقصیٰ میں سکیورٹی اقدامات سخت کیے جا رہے ہیں اور نمازیوں کے داخلے پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ بعض مذہبی شخصیات پر بھی پابندی کے احکام جاری کیے گئے ہیں۔
احتجاج، دھرنے، سڑکیں بند کرنے سے عمران خان کا علاج نہیں ہونا: گورنر کے پی کنڈی
فلسطینی تنظیم حماس نے امام کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مسجد میں داخلے سے روکنے کا حکم دیا گیا، اور یہ اقدام مسجد اقصیٰ کے مذہبی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے۔
ادھر اسرائیلی پولیس نے اعلان کیا کہ رمضان کے دوران مسجد اقصیٰ کے اطراف سکیورٹی مزید سخت کی جائے گی، جبکہ فلسطینی حکام نے اسرائیل پر مسجد کے احاطے میں نمازیوں کی رسائی محدود کرنے کا الزام لگایا ہے۔
مسجد اقصیٰ، جو اسلام کا تیسرا مقدس ترین مقام ہے، مشرقی یروشلم میں واقع ہے اور 1967 کی جنگ کے بعد اسرائیل کے قبضے میں آیا۔ پرانے انتظامات کے تحت یہودی زائرین کو احاطے میں آنے کی اجازت ہے، لیکن عبادت کی اجازت نہیں۔