Gas Leakage Web ad 1

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا بلدیاتی انتخابات، بجلی منصوبوں اور ترقیاتی اصلاحات پر اہم فیصلوں کا اعلان

0

گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈووکیٹ کی زیرِ صدارت مختلف اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوئے، جن میں بلدیاتی انتخابات، بجلی کے اہم منصوبوں اور ترقیاتی اصلاحات سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

Gas Leakage Web ad 2

بلدیاتی انتخابات سے متعلق اجلاس میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوری اقدار پر مکمل یقین رکھتی ہے، اس لیے گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات بروقت منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام سے نئی سیاسی قیادت سامنے آئے گی اور اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد قوانین میں ضروری ترامیم کر کے آزاد امیدواروں کو بھی انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتخابی قواعد اور وارڈ بندی سے متعلق بعض تحفظات کے باوجود حکومت انتخابات میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونے دے گی اور تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے۔

بجلی منصوبوں سے متعلق اجلاس میں وزیراعلیٰ نے 40 میگاواٹ ہنزل ہائیڈرو پاور پروجیکٹ اور 16 میگاواٹ نلتر ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں منصوبے گلگت کے عوام کی توانائی ضروریات پوری کرنے کے لیے انتہائی اہم ہیں اور ان میں مزید تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہنزل ہائیڈرو پاور منصوبے کی تمام قانونی اور انتظامی کارروائیاں آئندہ دو ماہ میں مکمل کر کے ایکنک (ECNEC) سے منظوری حاصل کی جائے اور اسی مدت میں تعمیراتی کام کا آغاز یقینی بنایا جائے تاکہ منصوبہ تقریباً ڈیڑھ سال میں مکمل ہو سکے۔

انہوں نے مزید اعلان کیا کہ 16 میگاواٹ نلتر ہائیڈرو پاور منصوبے کا افتتاح 31 اگست کو صوبائی کابینہ کے ہمراہ کیا جائے گا اور اس منصوبے کی تکمیل میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

ترقیاتی امور سے متعلق اجلاس میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی وسائل کا استعمال صرف عوامی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے کیا جائے گا۔ انہوں نے غیر ضروری ترقیاتی اسکیموں اور بار بار ریویژن کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے منصوبوں کی بروقت تکمیل، ترقیاتی عمل میں تیزی اور گورننس میں اصلاحات پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت شفاف، مؤثر اور عوام دوست ترقیاتی نظام کے فروغ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گی۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.