پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات میں نیا سنگِ میل، اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات تاریخی بنیادوں پر قائم ہیں اور کینیڈا میں مقیم متحرک پاکستانی برادری دونوں ممالک کے درمیان مضبوط روابط کا اہم ذریعہ ہے۔
اسلام آباد میں کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی بات چیت کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی تعاون پاکستان اور کینیڈا کی مشترکہ ترجیح ہے اور باہمی تجارتی و کاروباری روابط کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
شوہر کی تحقیق رنگ لے آئی، خاتون نے لاٹری سے پانچ لاکھ ڈالر جیت لیے
انہوں نے کہا کہ پاکستان تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں کینیڈا کے تعاون کا خیرمقدم کرتا ہے، جبکہ زرعی شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے نئے پروٹوکول پر جلد دستخط کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق اس معاہدے پر وزیراعظم ہاؤس میں دستخط ہوں گے اور اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ صلاحیت سازی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی اور معاہدے کی کامیاب تکمیل دونوں ممالک کے لیے سودمند ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ کینیڈین کاروباری اداروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے لیے سازگار فریم ورک فراہم کرے گا۔
اس موقع پر کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند نے کہا کہ کئی برس بعد کسی کینیڈین وزیر خارجہ کا پاکستان کا دورہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں اور پاکستان، کینیڈا کی تجارتی تنوع کی حکمت عملی میں ایک اہم شراکت دار کی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاکھوں پاکستانی نژاد کینیڈین دونوں ممالک کے درمیان مضبوط پل کا کردار ادا کر رہے ہیں اور پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔ انیتا آنند نے مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ علاقائی کشیدگی کے حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری ہی مؤثر راستہ ہیں۔
کینیڈین وزیر خارجہ نے کہا کہ تمام فریقین کو تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہریوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دینی چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان سرمایہ کاری کے تحفظ سے متعلق نئے معاہدے کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کینیڈا پاکستان کے ساتھ زرعی تجارت میں اضافے کا خواہاں ہے اور کینیڈین کینولا، چنے اور دالوں کی پاکستان برآمدات بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے کینولا کی برآمدات میں اضافے کے لیے پاکستان کے تعاون کو بھی سراہا۔
انیتا آنند نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں کینیڈا کا ایک اہم شراکت دار ہے اور ایران سے متعلق مذاکراتی عمل میں پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ کینیڈا پاکستان کے لیے 22 لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کے نئے سکیورٹی اقدامات متعارف کرا رہا ہے، جن پر انٹرپول، اقوام متحدہ اور دیگر شراکت دار اداروں کے تعاون سے عمل درآمد کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان کے ساتھ ترقیاتی تعاون کے نئے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے، جن کا مقصد موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنا اور مقامی آبادی کی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے۔ اس سلسلے میں کینیڈا پاکستان کے لیے 45 ملین ڈالر مالیت کے تین نئے ترقیاتی منصوبے بھی شروع کرے گا، جن کے ذریعے پائیدار ترقی، موسمیاتی لچک اور مقامی کمیونٹیز کی بہتری کو فروغ دیا جائے گا۔