معاشی ترقی کیلئے صنعت و حرفت کا فروغ اور بیرونی سرمایہ کاری ناگزیر ہے: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کی پائیدار ترقی کے لیے صنعت و حرفت کا فروغ اور بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ صنعتی مصنوعات کی ملکی پیداوار میں اضافہ اور برآمدات میں بہتری کے لیے مؤثر پالیسی اقدامات حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ صنعت، تجارت اور معیشت کے مختلف شعبوں میں اصلاحات کا مقصد طویل المدتی معاشی بہتری اور عوامی فلاح ہونا چاہیے۔
اے پی ایس شہدا لواحقین کو پیکیج نہ ملنے پر وفاقی حکومت سے جواب طلب
وزیراعظم نے کہا کہ مستقبل کی توانائی کی ضروریات متبادل ذرائع سے پوری کرنے کے لیے جامع حکمت عملی پر کام جاری ہے، جبکہ توانائی کی بچت اور سستی ٹرانسپورٹ کے لیے برقی گاڑیوں سے متعلق پالیسی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کو مختلف شعبوں میں شامل کرنے کے لیے تمام وزارتوں اور ماہرین کے درمیان بامعنی مشاورت ضروری ہے۔ ترقیاتی پالیسیوں کی تیاری اور نفاذ کے لیے تمام وزارتیں باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں، جبکہ تمام اصلاحات اور اقدامات میں انتظامی شفافیت اور بہتر کارکردگی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اجلاس میں متعلقہ وزارتوں کی جانب سے زیر غور مختلف پالیسی تجاویز پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وزیر توانائی اویس لغاری، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر اور ادارہ جاتی ذمہ داران نے شرکت کی۔