چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت امین الدین خان اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست منظور کرتے ہوئے 5 نومبر کے حکمِ امتناع میں ترمیم کردی۔

سماعت کے دوران وکیل بیرسٹر گوہر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 5 نومبر کو آئینی عدالت کی جانب سے جاری کیے گئے حکم سے پشاور ہائی کورٹ کی کارروائی متاثر ہوئی ہے، جبکہ وکلا کی عدالتی پریکٹس بھی رک گئی ہے۔
تاریخ میں پہلی بار صوبوں کیجانب سے وفاق کو 57 ارب 46 کروڑ کی گرانٹ
اس پر آئینی عدالت نے ریمارکس دیے کہ حکمِ امتناع گورنر راج اور ایم پی او سے متعلق معاملات پر تھا، جبکہ پشاور ہائی کورٹ آرٹیکل 199 کے تحت دیگر مقدمات کی سماعت کرسکتی ہے۔
جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ آرٹیکل 245 کی سادہ تشریح کے مطابق تو آرٹیکل 199 کے تحت مقدمات کی سماعت نہیں کی جاسکتی۔ اگر آرٹیکل 245 کو اس کے سادہ مفہوم کے مطابق پڑھا جائے تو پورا عدالتی نظام مفلوج ہوجائے گا۔
عدالت نے پشاور بار کونسل کو بھی مقدمے میں فریق بننے کی اجازت دے دی۔
دورانِ سماعت بیرسٹر گوہر نے استدعا کی کہ انہیں تھری ایم پی او کے تحت بھی ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ خیبر پختونخوا میں تاحال ریویو بورڈ تشکیل نہیں دیا گیا، جبکہ ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا نے عدالت کو بتایا کہ ریویو بورڈ تین ماہ بعد تشکیل دیا جائے گا۔
اس موقع پر چیف جسٹس امین الدین خان نے بیرسٹر گوہر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اپنی متفرق درخواستیں پشاور رجسٹری میں دائر کی ہیں، جب وہ ہمارے پاس پہنچ جائیں گی تو ان کا جائزہ لے لیا جائے گا۔
بعد ازاں وفاقی آئینی عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردی۔



