یکم جنوری 2027 سے جنوبی پنجاب کے ڈاک خانوں میں بجلی کے بل جمع نہیں ہوں گے
میپکو نے پاکستان پوسٹ آفس کے ذریعے بجلی کے بلوں اور واجبات کی وصولی بند کرنے کا فیصلہ کر لیا، صارفین 31 دسمبر 2026 تک ڈاک خانوں میں بل جمع کروا سکیں گے۔
ملتان: جنوبی پنجاب کے بجلی صارفین کے لیے اہم خبر سامنے آگئی ہے، جہاں ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) نے پاکستان پوسٹ آفس کے ذریعے بجلی کے بلوں اور دیگر واجبات کی وصولی بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

24 نیوز کے مطابق میپکو انتظامیہ نے یکم جنوری 2027 سے جنوبی پنجاب کے تمام متعلقہ اضلاع کے ڈاک خانوں میں بجلی کے بل وصول نہ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
میپکو ترجمان کے مطابق صارفین 31 دسمبر 2026 تک پاکستان پوسٹ آفس کے ذریعے اپنے بجلی کے بل معمول کے مطابق جمع کروا سکیں گے، تاہم یکم جنوری 2027 سے یہ سہولت مکمل طور پر ختم کر دی جائے گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے پاکستان پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ کو باضابطہ طور پر آگاہ کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں تاکہ صارفین کو بروقت نئی ادائیگی کے طریقہ کار سے متعلق معلومات فراہم کی جا سکیں۔
میپکو انتظامیہ نے بجلی صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ اپنے بلوں کی ادائیگی کے لیے مقررہ بینکوں اور ڈیجیٹل ذرائع استعمال کریں۔
صارفین ایزی پیسہ، جاز کیش اور مختلف موبائل بینکنگ ایپس کے ذریعے بھی بجلی کے بل باآسانی جمع کروا سکیں گے۔
واضح رہے کہ اس فیصلے کے بعد جنوبی پنجاب کے صارفین یکم جنوری 2027 سے ڈاک خانوں میں بجلی کے بل جمع نہیں کروا سکیں گے، اس لیے انہیں متبادل ادائیگی کے ذرائع اختیار کرنا ہوں گے۔



