پاکستان میں ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے مرض پر قابو پانے کے لیے 6 ارب 80 کروڑ روپے کا قومی پروگرام تیار کرلیا گیا ہے، جس کے تحت عوام میں ذیابیطس کے خطرے کا ابتدائی اندازہ صرف 30 سیکنڈ میں لگایا جاسکے گا۔

اس قومی پروگرام کا مقصد ملک بھر میں ذیابیطس کی اسکریننگ، عوامی آگاہی، بیماری کی بروقت تشخیص اور علاج کی سہولیات کو بہتر بنانا ہے۔ منصوبے کا آغاز اسلام آباد سے بطور ماڈل پراجیکٹ کیا جائے گا، جس کے بعد اسے ملک کے دیگر صوبوں تک توسیع دینے کا ارادہ ہے۔
پروگرام کے تحت ذیابیطس کے خطرے کی فوری جانچ کے لیے RAPID اسکور استعمال کیا جائے گا، جس میں صرف تین بنیادی سوالات پوچھ کر تقریباً 30 سیکنڈ میں کسی شخص میں ذیابیطس لاحق ہونے کے خطرے کا ابتدائی اندازہ لگایا جاسکے گا۔
ڈائریکٹر انڈس ذیابیطس اینڈ اینڈوکرائن سینٹر ڈاکٹر عبدالباسط کے مطابق پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے اور اب یہ بیماری صرف بڑی عمر کے افراد تک محدود نہیں رہی بلکہ بچوں میں بھی اس کے کیسز سامنے آرہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے مسئلے سے نمٹنے کے لیے طویل عرصے سے قومی سطح پر مؤثر اقدامات کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی، جس کے نتیجے میں وزیراعظم کے پروگرام برائے انسداد و کنٹرول ذیابیطس کے تحت جامع حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ RAPID اسکور کے ذریعے ابتدائی طور پر کسی شخص میں ذیابیطس کے خطرے کا اندازہ لگایا جائے گا۔ اس طریقہ کار میں خون کے ٹیسٹ یا کسی پیچیدہ طبی معائنے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ عمر، پیٹ کی گولائی اور خاندان میں ذیابیطس کی موجودگی سے متعلق تین سوالات پوچھے جائیں گے۔
ان سوالات کے جوابات کی بنیاد پر مجموعی اسکور مرتب کیا جائے گا، جس سے معلوم ہوسکے گا کہ متعلقہ شخص میں ذیابیطس کا خطرہ کتنا ہے اور اسے مزید طبی ٹیسٹ کروانے کی ضرورت ہے یا نہیں۔
RAPID اسکور کے مطابق عمر سے متعلق پہلے سوال میں 40 سال سے کم عمر افراد کو صفر نمبر، 40 سے 60 سال کے افراد کو ایک نمبر جبکہ 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو تین نمبر دیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق قومی پروگرام کی باقاعدہ تاریخوں، عملی آغاز اور دیگر تفصیلات جلد سامنے آنے کی توقع ہے۔



