اسلام آباد کو ملک کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کے لیے 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی ہے، جس کے تحت شہر میں تمام کاروباری مراکز اور دکانداروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی زیر صدارت کیش لیس اسلام آباد منصوبے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف، بینکنگ سیکٹر کے نمائندگان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
ہولی فیملی اسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے 20 سالہ نوجوان جاں بحق
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ کیش لیس اسلام آباد منصوبے کی کامیابی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور تجاویز انتہائی اہم ہیں۔ وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزیر داخلہ کی خصوصی ہدایات پر اس منصوبے پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم سے وعدہ کیا تھا کہ اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا کیش لیس شہر اور دنیا کا پہلا کیش لیس دارالحکومت بنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ 30 نومبر کے بعد اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) اور سی ڈی اے کے کسی بھی محکمے میں نقد ادائیگیاں وصول نہیں کی جائیں گی۔
طلال چوہدری نے بتایا کہ 31 دسمبر تک اسلام آباد کے تمام مرچنٹس کو کیش لیس نظام میں شامل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے مالیاتی شفافیت، ٹیکس مانیٹرنگ اور لین دین کے طریقہ کار میں بہتری آئے گی، جبکہ اسلام آباد میں پہلے ہی 26 ہزار مرچنٹس ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک ہو چکے ہیں۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ ریڑھی بانوں سے لے کر بڑے کاروباری مراکز تک ہر سطح پر ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اسلام آباد کو جدید ڈیجیٹل شہر میں تبدیل کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔
اجلاس میں شریک بینکنگ سیکٹر کے تمام نمائندگان نے کیش لیس اسلام آباد کے حکومتی اقدام کو سراہا اور منصوبے کی کامیابی کے لیے حکومت کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔



