برطانوی فوج کے اعلیٰ افسر میجر جنرل کارل ہیرس نے پہلی اور دوسری عالمی جنگ کے دوران برصغیر، بالخصوص موجودہ پاکستان کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے مسلمان فوجیوں کی خدمات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ کے دفاع اور آزادی کے تحفظ میں جنوبی ایشیا کے فوجیوں نے تاریخی کردار ادا کیا۔

برطانوی فوج کے میجر جنرل کارل ہیرس نے ان خیالات کا اظہار جنگ بندی کی یاد میں منائے جانے والے دن آرمسٹِس ڈے کے موقع پر آرمڈ فورسز کووننٹ پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں پاکستانی نژاد برطانوی کاروباری شخصیت اور برطانیہ و یورپ میں حلال گوشت کے بڑے سپلائرز میں شمار ہونے والی کمپنی طارق حلال میٹس کے سربراہ ڈاکٹر طارق شیخ بھی موجود تھے۔
اسلام آباد کو ملک کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کے لیے ڈیڈ لائن مقرر
معاہدے پر ڈاکٹر طارق شیخ نے اپنی کمپنی طارق حلال میٹس جبکہ میجر جنرل کارل ہیرس نے برطانوی وزارتِ دفاع کی نمائندگی کرتے ہوئے دستخط کیے۔ معاہدے کا مقصد برطانوی مسلح افواج کے حاضر سروس اور سابق اہلکاروں سمیت ان کے اہلِ خانہ کو روزگار، سماجی سہولتوں اور دیگر شعبوں میں مساوی مواقع فراہم کرنا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل کارل ہیرس نے کہا کہ جنگوں میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجیوں کی یاد ہمیں اس حقیقت کا احساس دلاتی ہے کہ برطانیہ کی آزادی اور سلامتی کے تحفظ کے لیے کتنی بڑی قربانیاں دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برطانوی فوج صرف وردی پہننے والے اہلکاروں پر مشتمل نہیں بلکہ یہ ملک میں آباد تمام برادریوں کی فوج ہے۔ برطانوی فوج اور جنوبی ایشیائی باشندوں کی تاریخ اور ورثہ ایک دوسرے سے گہرا تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے دورے کا مقصد برطانوی فوج اور جنوبی ایشیائی برادریوں کے درمیان تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور مشترکہ فوجی ورثے کو اجاگر کرنا ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر طارق شیخ نے کہا کہ 1947 میں قائم ہونے والی پاکستان آرمی کی جڑیں بھی برطانوی ہندوستانی فوج سے ملتی ہیں۔ پاکستان آرمی کی رجمنٹس، نظم و ضبط اور فوجی روایات اسی تاریخی ورثے کا تسلسل ہیں۔
ڈاکٹر طارق شیخ نے بتایا کہ برطانیہ بھر میں کمپنی کے تمام اسٹورز پر آرمڈ فورسز کووننٹ نمایاں طور پر آویزاں کیا جائے گا، جبکہ صارفین کو برطانوی مسلح افواج میں شمولیت اور فوجی اہلکاروں کی حمایت کے لیے بھی ترغیب دی جائے گی۔
کمپنی کی چیف فنانشل آفیسر ثائرہ شیخ نے کہا کہ برطانوی مسلح افواج سے ریٹائرمنٹ لینے یا ملازمت چھوڑنے کے بعد طارق حلال میٹس میں ملازمت کے لیے درخواست دینے والے ہر سابق فوجی اہلکار کو انٹرویو کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
کمپنی کے فرنچائزز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کنال پٹیل نے کہا کہ فرنچائز پارٹنرز مقامی کیڈٹ یونٹس کی معاونت کریں گے، جبکہ ہر سال جنگوں میں اپنی جانیں قربان کرنے والے فوجیوں کی یاد میں خصوصی تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔



