*201 یونٹ پر اضافی چارجز کا فارمولا ختم کرنے کا اعلان*

وفاقی وزیر توانائی نے بجلی کے 201 یونٹ ہو جانے پر اضافی چارجز کا فارمولا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
اویس لغاری نے سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ بجلی کے 201 یونٹ ہو جانے پر 6 ماہ تک اضافی چارجز کا فارمولا ختم کرنے جا رہے ہیں۔ اس سہولت سے غریب کم اور امیر زیادہ مستفید ہو رہے ہیں، حکومت تیزی سے کام کر رہی ہے اور بہت جلد نئی پالیسی لائی جائے گی۔
وزیر توانائی نے کہا کہ توانائی کے شعبے کا گردشی قرضہ کم ہو کر 1670 ارب روپے رہ گیا ہے، آئندہ 4 سال میں گردشی قرضے ختم کرنے کا ہدف ہے اور گردشی قرضوں پر ڈیٹ سروس سرچارج بھی ختم ہو جائے گا۔ حکومت کے قیام کے وقت وزارت توانائی کو 1180 ارب بجٹ سپورٹ ملتی تھی جو رواں سال کم ہو کر 700 ارب روپے رہ گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈسکوز کے نقصانات میں ہر سال کمی کی گئی ہے، تاہم نقصانات میں کمی کا فائدہ ابھی تک صارفین کو نہیں پہنچ سکا۔
سینیٹر عابد شیر علی نے کہا کہ بجلی کے ٹیرف کا تعلق کروڑوں عوام سے ہے، پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے بجلی کے بل بھی عوام کی بساط سے باہر ہیں، 200 یونٹ سے ایک یونٹ زیادہ استعمال پر بل اچانک دگنا ہو جاتا ہے، کیا ڈسکوز کی بجلی چوری کا بوجھ بھی غریب عوام پر ڈالا جا رہا ہے؟
اس پر اویس لغاری نے جواب دیا کہ بجلی کے ٹیرف سلیب کا تعین ضروری ہے تاکہ مستقبل میں یہ مسئلہ ختم ہو، 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 2 کروڑ تک پہنچ گئی ہے، 200 یونٹ تک بجلی استعمال میں زیادہ تر صارفین شمسی توانائی استعمال کرتے ہیں، یونٹوں کے بجائے غربت کی بنیاد پر صارفین کو ریلیف دینے کے نظام پر کام کر رہے ہیں۔



