Gas Leakage Web ad 1

ایران کے ساتھ نئی اور شدید جنگ شروع ہونے کا امکان، امریکا نے خلیجی ممالک کو خبردار کردیا

0

*امریکا کا خلیجی ممالک کو ایران کے خلاف ممکنہ عسکری مہم کے لیے الرٹ رہنے کا انتباہ*

Gas Leakage Web ad 2

امریکی انتظامیہ نے تین نومبر کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران کے خلاف ایک مختصر لیکن شدید عسکری مہم کے امکانات کے پیش نظر متعدد خلیجی عرب ممالک کو الرٹ رہنے اور تیاریوں کی ہدایت جاری کی ہے۔

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ سفارتی اور عسکری ذرائع سے منتقل کیے گئے یہ پیغامات امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کو معاشی و عسکری طور پر مزید کمزور کرنے اور اسے مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے زبردست فضائی اور عسکری کارروائیاں شروع کرنے کی مسلسل تیاریوں کا حصہ ہیں۔

پینٹاگون کی جانب سے خطے میں عسکری صلاحیتوں اور دفاعی اقدامات کو تیزی سے بڑھایا جا رہا ہے۔ عسکری حکام کے مطابق امریکی فوج نے پیٹریاٹ میزائل ڈیفنس سسٹم ٹیکساس سے خلیجی خطے میں منتقل کرنا شروع کر دیا ہے جبکہ ممکنہ ایرانی جواب سے بچاؤ کے لیے حساس اڈوں سے اہلکاروں اور فورسز کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

اس کے علاوہ امریکی افواج اسلحہ ذخیرہ کرنے اور جنگی طیاروں و بمباروں کو ہدف پر حملوں کے لیے تیار کر رہی ہیں، جبکہ اگلے ماہ پچاس سے زائد امریکی جنگی بحری جہازوں کے ساتھ مزید ایک ایئر کرافٹ کیریئر اسٹرائیک گروپ اور میرین ایکسپڈیشنری یونٹ خطے میں پہنچ جائے گا۔

اگرچہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا، لیکن رپورٹ کے مطابق باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ انتخابات کے بعد ایران کی اہم ترین بنیادی تنصیبات اور ایٹمی مراکز پر بڑے پیمانے پر حملے کرنے کی طرف مائل ہیں۔

وائٹ ہاؤس نے ان رپورٹس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حساس عسکری منصوبوں پر بات نہیں کر سکتے، تاہم صدر ٹرمپ کے پاس ایران کو ایٹمی صلاحیت سے دور رکھنے کے لیے تمام تر اختیارات کھلے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیکساس کے شہر لبک میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چند ہفتوں میں ایران سے متعلق صورت حال واضح ہو جائے گی اور یہ عسکری تنازع جلد ہی اپنے اختتام کو پہنچے گا۔

واضح رہے کہ رواں سال 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل نے ایران کے خلاف باقاعدہ عسکری کارروائیوں کا آغاز کیا تھا، جس کے جواب میں تہران نے خطے میں میزائل اور ڈرون حملے کیے اور عالمی توانائی کی اہم ترین گزرگاہ آبنائے ہرمز کو عملی طور پر بند کر دیا تھا۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.