Gas Leakage Web ad 1

امن ترجیح، پولیس شہداء کے خاندانوں کیلئے خصوصی کارڈ متعارف کرائیں گے: فیصل کریم کنڈی

0

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت پشاور میں پولیس افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئی جی پولیس ذوالفقار حمید، ایڈیشنل آئی جی کاشف عالم، چیف کیپیٹل پولیس آفیسر ڈاکٹر میاں سعید اور ریجنل پولیس افسران نے شرکت کی، جبکہ ضلعی پولیس افسران ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

Gas Leakage Web ad 2

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ اوپن ڈور پالیسی اپنائیں، عوامی مسائل سنیں اور شہریوں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران اپنے اضلاع میں مقامی عمائدین کو اعتماد میں لے کر امن و امان کے قیام کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پولیس شہداء کے خاندانوں کی دیکھ بھال حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہے۔ شہداء پیکج میں اضافے کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ شہداء کے بچوں کے لیے کیڈٹ کالج کے قیام کی کوششیں بھی جاری ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شہداء کے خاندانوں کے لیے خصوصی کارڈ متعارف کرائے جائیں گے تاکہ سرکاری دفاتر میں ان کے مسائل عزت و احترام کے ساتھ ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جاسکیں۔ گورنر نے پولیس افسران کو شہداء کے خاندانوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے کی بھی ہدایت کی۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پولیس کو اے پی سیز، جدید اسلحہ اور دیگر ضروری وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا پولیس کو 10 اے پی سیز فراہم کرچکی ہے، جبکہ پولیس میں خالی آسامیوں پر فوری بھرتیاں کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پولیس کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ترقیاتی فنڈز میں کٹوتی بھی کی جائے گی، جبکہ پروکیورمنٹ پر عائد پابندیوں میں نرمی کردی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں سیف سٹیز منصوبوں پر کام جاری ہے اور ان منصوبوں کو ضم اضلاع تک بھی وسعت دی جائے گی۔ ضم اضلاع میں پولیس تھانوں، چوکیوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے پولیس لائنز، تھانوں اور چیک پوسٹوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گزشتہ ہفتے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے مطالبات حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ ان کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے صوبے کے لیے اعلان کردہ پیکج کا 70 فیصد حصہ ضم اضلاع میں خرچ کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں غلطی اور شکست کی کوئی گنجائش نہیں۔ پولیس افسران امن و امان کی بہتری کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائیں اور تنازعات کے حل کے لیے قائم ڈی آر سیز کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ان میں اچھے لوگوں کو شامل کریں۔ گورنر نے واضح کیا کہ ان کا کوئی فوکل پرسن نہیں ہے۔

اجلاس کے دوران پولیس افسران نے اپنے مسائل اور مختلف تجاویز پیش کیں۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے ان تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ پولیس کو درکار سہولیات فراہم کرنے اور اس کے مسائل حل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.