اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ فنانسنگ ڈیٹا کے مطابق سال 2026 کی دوسری سہ ماہی میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کو فراہم کیے گئے قرضوں کا حجم 943 ارب روپے تک پہنچ گیا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 33 فیصد زیادہ ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے قرضوں کی فراہمی بڑھانے کی غرض سے فنانسنگ کا ہدف ڈیڑھ کھرب روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اس پیش رفت کو کاروباری شعبے کی مالی ضروریات پوری کرنے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں تک قرضوں کی رسائی بڑھانے کی کوششوں کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص سے علاج کے بہتر نتائج ممکن ہیں، مریم نواز
رپورٹ کے مطابق ایس ایم ایز کو فراہم کیے جانے والے قرضوں کی صورت حال میں بہتری کے ساتھ ان کا انفیکشن ریشو بھی نمایاں طور پر کم ہوا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق انفیکشن ریشو 23 فیصد سے کم ہو کر 11.7 فیصد پر آ گیا ہے، جو قرضوں کی ادائیگی کے معیار میں بہتری کی نشاندہی کرتا ہے۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے نان پرفارمنگ لونز کا حجم 80 ارب سے 125 ارب روپے کی حد میں رہا۔
ماہرین کے مطابق ایس ایم ایز کے لیے قرضوں کی فراہمی میں اضافہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، سرمایہ کاری میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ تاہم، مقررہ فنانسنگ ہدف کے حصول کے لیے کاروباری اداروں کو آسان شرائط پر قرضوں کی دستیابی اور مالیاتی سہولتوں تک رسائی فراہم کرنا اہم ہوگا۔



