لاہور: انسانی اسمگلنگ کے بین الاقوامی نیٹ ورک کے سرغنہ کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا۔

ایف آئی اے کے مطابق 10 افراد پر مشتمل یہ گروہ 7 ممالک میں منظم انداز میں سرگرم تھا اور پاکستان سے لوگوں کو ترکیہ کے راستے یورپ اسمگل کرتا تھا۔
انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد میں 45 فیصد اضافہ
ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ کے مطابق نیٹ ورک کا سرغنہ عاصم علی ترکیہ سے پاکستان پہنچا تو اسے لاہور ایئرپورٹ پر گرفتار کرلیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عاصم علی کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل تھا، جبکہ استنبول میں اس کی موبائل شاپ حوالہ ہنڈی کے لیے بھی استعمال ہوتی تھی۔
تفتیش کے مطابق گروہ کا رکن اصغر شاہ یونان جبکہ نادر چوہان اٹلی میں معاملات دیکھتا تھا۔ اسی طرح قاسم، علی حسن اور وسیم جرمنی اور یونان میں سرگرم تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق باسط علی پاکستان میں حوالہ ہنڈی کے معاملات دیکھتا تھا، جبکہ ماسٹر ساجد نوجوانوں سے رابطہ کرنے کی ذمہ داری نبھاتا تھا۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ تمام ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے قانونی کارروائی جاری ہے۔



