ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان ایران پر عائد تمام قابل اطلاق امریکی پابندیوں کی پاسداری کرتا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان بین الاقوامی اور ملکی قوانین کے مطابق پابندیوں کے تمام نظام پر عمل درآمد جاری رکھے گا۔
بھارت کا بڑا جھوٹ پکڑا گیا
ایران امریکا جنگ سے متعلق سوال پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ مستقل اور تعمیری رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، ایران اور امریکا کے درمیان رابطوں میں سہولت کاری کا کردار ادا کررہا ہے، جبکہ ایران امریکا تنازع کا حل مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے نکالنے کی ضرورت ہے۔
سجاد حیدر خان نے کہا کہ پاکستان، ایران اور امریکا کو اسلام آباد مفاہمتی معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے پر زور دیتا ہے۔ مذاکرات اور سفارت کاری ہی تنازع کے پرامن حل کا قابل عمل راستہ ہے۔
ترجمان نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تمام رکن ممالک کے نیشنل کوآرڈینیٹرز میں بھارت کا نمائندہ بھی اسلام آباد آیا۔ دو سال سے زائد عرصے بعد بھارت سے ایک سینیئر عہدیدار کا پاکستان کا دورہ اہم پیشرفت ہے۔
ایک سوال کے جواب میں دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستانی سفارتی ٹیم صومالیہ میں زخمی پاکستانیوں اور جاں بحق افراد کی میتوں کی واپسی کے لیے سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ صومالیہ میں پاکستانی سفارتخانے کے ناظم الامور زخمی پاکستانیوں سے رابطے میں ہیں، جبکہ جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں ایتھوپین ایئرلائن کے ذریعے پاکستان منتقل کی جائیں گی۔



