اسرائیل جانے والے جہاز کو سعودی عرب میں اتار لیا گیا
دبئی سے اسرائیل کے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز میں دورانِ پرواز دونوں پائلٹوں کے درمیان مبینہ لڑائی کے بعد ہائی جیکنگ الرٹ جاری ہوگیا
جس کے باعث اسرائیلی فضائیہ نے جنگی طیارے روانہ کردیئے جبکہ مسافر طیارے کو سعودی عرب کے شہر تبوک میں ہنگامی طور پر اتار لیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق فلائی دبئی کی پرواز FZ1073 دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے تل ابیب کے بن گوریون ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ دورانِ پرواز طیارے نے پہلے ایمرجنسی کوڈ 7700 اور اس کے بعد مختصر وقت کے لیے 7500 کوڈ نشر کیا، جو ہوا بازی میں طیارے کے ہائی جیک ہونے یا کسی غیر قانونی مداخلت کی نشاندہی کرتا ہے۔
ہائی جیکنگ کا کوڈ موصول ہونے پر اسرائیلی حکام نے فوری طور پر سکیورٹی اقدامات کیے اور اسرائیلی فضائیہ کے جنگی طیارے پرواز کی جانب روانہ کیے گئے۔ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی صورتحال کا جائزہ لیا۔
بعد ازاں طیارے نے اپنا رخ تبدیل کیا اور سعودی عرب کی فضائی حدود میں داخل ہوگیا، جہاں اسے شمال مغربی شہر تبوک کے ہوائی اڈے پر بحفاظت اتار لیا گیا۔ طیارے میں تقریباً 180 مسافر اور عملے کے ارکان سوار تھے اور دستیاب اطلاعات کے مطابق تمام افراد محفوظ رہے۔
ابتدائی طور پر طیارے کے ہائی جیک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا تاہم بعد کی اطلاعات میں بتایا گیا کہ طیارہ ہائی جیک نہیں ہوا تھا۔ ہنگامی صورتحال مبینہ طور پر کاک پٹ میں دونوں پائلٹوں کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے باعث پیدا ہوئی۔
اطلاعات کے مطابق پائلٹوں کے درمیان تنازع اس حد تک بڑھ گیا کہ طیارے سے ہنگامی سگنل جاری ہوا اور صورتحال نے اسرائیلی حکام کو ممکنہ ہائی جیکنگ کے خدشے میں مبتلا کردیا۔ تاہم طیارے کے سعودی عرب میں بحفاظت اترنے کے بعد ہائی جیکنگ کے خدشے کی تردید کردی گئی۔
واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں جبکہ طیارے کے عملے سے بھی صورتحال کے حوالے سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ حکام اس بات کا تعین کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ کاک پٹ میں پائلٹوں کے درمیان تنازع کس وجہ سے پیدا ہوا اور 7500 ہائی جیکنگ کوڈ کیوں نشر کیا گیا۔
پرواز کے دوران ہائی جیکنگ کا الرٹ جاری ہونے کے باعث واقعے کو غیر معمولی سکیورٹی واقعہ قرار دیا جارہا ہے، تاہم کسی مسافر یا عملے کے رکن کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے اور طیارہ سعودی عرب میں بحفاظت موجود ہے۔
Shared post



