واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈنمارک اور گرین لینڈ کے ساتھ معاہدے کا اعلان کردیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ انہیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہے کہ امریکا نے ڈنمارک اور گرین لینڈ کے ساتھ ایک معاہدہ طے کرلیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ معاہدے کے تحت گرین لینڈ میں سلامتی اور دیگر تمام ضروریات کے حوالے سے امریکا کو مستقل کنٹرول حاصل ہوگا، جس سے امریکا کے تمام خدشات مکمل طور پر دور ہوجائیں گے۔
محمد فاروق نے پاکستانی فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ قائم کر دیا
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کے لیے امریکا کو کوئی اخراجات برداشت نہیں کرنا ہوں گے۔ ان کی ہدایت پر امریکا نے ڈنمارک اور گرین لینڈ کے نمائندوں کے ساتھ مل کر اس بات کی ضمانت دی ہے کہ امریکا کو ہمیشہ کے لیے گرین لینڈ اور اپنی سلامتی کے تحفظ اور دفاع کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہوگی۔
امریکی صدر نے کہا کہ اب امریکا کے کسی بھی مخالف ملک کو گرین لینڈ میں امریکا کی واضح تحریری منظوری کے بغیر فوجی اڈہ قائم کرنے، فوجی موجودگی رکھنے یا حساس نوعیت کی سرمایہ کاری کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ٹرمپ نے کہا کہ گزشتہ 100 سال سے زائد عرصے کے دوران امریکی صدور گرین لینڈ کی اسٹریٹجک اہمیت سے آگاہ رہے ہیں، تاہم ان میں سے کوئی بھی اس حوالے سے کچھ نہیں کرسکا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ ایسے صدر ہیں جنہوں نے اس انتہائی اہم معاملے کو مستقل اور فیصلہ کن طور پر حل کردیا ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا کو اس معاہدے پر بے حد فخر اور خوشی ہے اور آج طے پانے والی ہر بات امریکی عوام کے لیے قابلِ قدر ہوگی۔ ان کے مطابق امریکا فوری طور پر گرین لینڈ کے موزوں علاقوں میں بڑی فوجی موجودگی قائم کرنے کا عمل شروع کرے گا، جبکہ وہاں ایسے بہت سے علاقے موجود ہیں۔ امریکا گرین لینڈ کی ترقی اور تعمیر کے لیے وہاں کے عوام کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ حل امریکا، ڈنمارک، گرین لینڈ اور ان کے تمام اتحادیوں کے لیے بہترین حل ہے۔ امریکا ڈنمارک اور گرین لینڈ کے عوام کے ساتھ مل کر اس وسیع اور انتہائی اسٹریٹجک خطے کے حوالے سے ایک شاندار مستقبل کی جانب بڑھنے کا منتظر ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ یہ امریکا کے لیے ایک خواب کی تعبیر ہے اور ایسا معاملہ ہے جو انتہائی اہم، تاریخی اور خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔