حج، عمرہ یا سیروتفریح کے لیے بیرون ملک جانے والے سرکاری ملازمین کی سخت نگرانی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، ایف آئی اے نے ایکس پاکستان رخصتوں کی جانچ پڑتال کا نظام ڈیجیٹل کردیا۔ ایئرپورٹس پر ای این او سی کے کیو آر کوڈ کے ذریعے تصدیق ہوگی، جبکہ حج و عمرہ کی چھٹی کا غلط استعمال کرنے والے ملازمین بھی شکنجے میں آئیں گے۔
وفاقی حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے باعث اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ
ذرائع کے مطابق حج، عمرہ یا سیروتفریح کے لیے بیرون ملک جانے والے سرکاری ملازمین کی ایکس پاکستان رخصتوں کی سخت جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے نے ایکس پاکستان چھٹیوں کی نگرانی کا نظام ڈیجیٹل کردیا ہے۔
نئے نظام کے تحت ملازمین کے ای این او سی جاری ہوں گے، جن پر موجود کیو آر کوڈ ایئرپورٹ پر اسکین کرکے این او سی کی تصدیق کی جائے گی۔ اس طریقہ کار سے جعلی یا غیر مستند این او سی کی فوری نشاندہی ممکن ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیا نظام ابتدائی طور پر ایف آئی اے کے ہولڈنگ ڈیپارٹمنٹ پر نافذ کردیا گیا ہے، جبکہ دیگر سرکاری محکموں کو بھی اس نظام میں شامل کیا جائے گا۔
تمام سرکاری ملازمین کے ایکس پاکستان سفر کی نگرانی کی جائے گی، جبکہ حج یا عمرہ کی چھٹی لے کر دیگر ممالک جانے والے ملازمین پر بھی نظر رکھی جائے گی۔ حج و عمرہ کے نام پر چھٹی کا غلط استعمال کرنے والے ملازمین بھی شکنجے میں آئیں گے۔