### ایرانی صدر کا امن اور علاقائی اتحاد پر زور
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ دنیا میں امن اور استحکام کا راستہ خطے ہی سے نکلے گا۔ تہران میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مضبوط عزم رکھنے والی قوم کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایران نے جنگ شروع نہیں کی اور نہ ہی وہ جنگ کا خواہاں ہے، تاہم کسی بھی جارحیت کے خلاف پوری قوت سے کھڑا ہوگا اور دھمکیوں کے سامنے نہیں جھکے گا۔
دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے نئے علاقائی معاہدوں کو ایک نئے دور کا آغاز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کو اپنی سلامتی کے لیے بیرونی طاقتوں پر انحصار کرنے کے بجائے اپنی صلاحیتوں اور باہمی تعاون پر بھروسا کرنا چاہیے۔
قالیباف کے مطابق حالیہ علاقائی حالات نے ثابت کیا ہے کہ بیرونی طاقتیں مسلم ممالک کو دیرپا سکیورٹی فراہم نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد اور تعاون کو خطے کے امن و استحکام کے لیے اہم قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ واقعات نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ مسلم ممالک کا باہمی تعاون مشترکہ خطرات کا مقابلہ کرنے اور بیرونی بالادستی کی کوششوں کو ناکام بنانے میں مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔