وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی صوبوں کے معاملے پر بات نہیں کرنا چاہتی، ہم سندھ کو تقسیم کرنے کی کوئی سازش نہیں کر رہے۔ صوبوں کی تقسیم صرف سندھ کی تقسیم کا معاملہ نہیں، چاروں صوبوں کو نئے انتظامی یونٹس میں ڈھالنے کی بات گزشتہ 50 سال سے ہوتی آرہی ہے۔
صدر مملکت اور وزیراعظم کی قوم کو عید میلادالنبی ﷺ پر مبارکباد
تفصیلات کے مطابق طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن میں صوبوں کے معاملے پر بحث جاری ہے، جب ہماری جماعت میں اتفاق رائے ہوگا تو اپنی رائے کا اظہار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد صوبے مضبوط ہوچکے ہیں، اب صوبوں کو تقسیم کرنا اتنا آسان نہیں رہا اور صوبوں کو پہلے سے زیادہ اختیارات حاصل ہوچکے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبے اتفاق رائے سے بننے چاہئیں اور انہیں سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔ صوبوں کے معاملے کو کسی کو اپنے خلاف سازش نہیں سمجھنا چاہیے، سیاسی جماعتوں کو صوبوں کے معاملے پر بحث کرنی چاہیے۔ ہمارے نظام میں چیلنجز موجود ہیں اور چاروں صوبوں میں صحت اور تعلیم کے مسائل ہیں۔