لارڈز ٹیسٹ کیلئے پاکستان ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان، بابر اعظم کی واپسی متوقع
انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ کے لیے پاکستان ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 27 اگست سے لارڈز میں شروع ہوگا۔ ٹیم لندن پہنچ کر کنڈیشنز کا جائزہ لینے کے بعد پلیئنگ الیون کو حتمی شکل دے گی۔
لیڈز ٹیسٹ میں اننگز اور 101 رنز کے بڑے مارجن سے شکست کے بعد ٹیم مینجمنٹ پلیئنگ الیون میں ردوبدل پر غور کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو آرام دیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مینجمنٹ بابر اعظم کی واپسی کے لیے پرامید ہے۔ بابر انگلی کی انجری کے باعث پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے۔ ان کی واپسی کی صورت میں اذان اویس کو ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے۔
لندن کی ڈرائی کنڈیشنز کے پیش نظر پاکستان ٹیم لارڈز ٹیسٹ میں 2 اسپنرز کے ساتھ میدان میں اتر سکتی ہے۔ اس کے علاوہ رفتار کی وجہ سے فاسٹ بولر عبید شاہ کو بھی ترجیح دیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق لندن کی کنڈیشنز مختلف اور نسبتاً خشک ہیں جبکہ فلیٹ پچ کی توقع کی جا رہی ہے۔