Gas Leakage Web ad 1

پی ٹی آئی سیاسی و کور کمیٹی کا مشترکہ اجلاس، گورنر راج یا ایمرجنسی کے ممکنہ نفاذ کی مخالفت

0

پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی اور کور کمیٹی کے مشترکہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، جس میں خیبر پختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے ممکنہ نفاذ کی مخالفت کی گئی ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ گورنر راج یا ایمرجنسی کا نفاذ صوبے کے عوام کے جمہوری مینڈیٹ اور آئینی حقوق پر حملہ ہوگا، جس سے صوبے میں سیاسی کشیدگی اور عوامی بے چینی میں اضافہ ہوگا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کے عوام کے آئینی حقوق، امن اور ترقی کا تحفظ ناگزیر ہے۔ ان علاقوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کا بنیادی مقصد عوام کے حقوق کا تحفظ اور احساس محرومی کا خاتمہ تھا۔
کرسٹیانو رونالڈو کیریئر کے 1000 گولز کے قریب، تعداد 980 ہو گئی
اجلاس میں کہا گیا کہ ایسے کسی بھی اقدام کی مخالفت کی جائے گی جو ان مقاصد کے منافی ہو اور عوام میں مزید بے چینی پیدا کرے۔ تحریک انصاف دہشت گردوں اور دہشت گردی کی ہر شکل کی غیر مشروط مذمت کرتی ہے۔ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اختیار کیے جانے والے طریقہ کار میں صوبائی اسمبلی کی منظور شدہ قراردادوں، صوبے کی سیاسی و پارلیمانی جماعتوں کے متفقہ مؤقف اور عوامی نمائندوں کی مشاورت کو بنیادی اہمیت دی جانی چاہیے، تاکہ عوامی اعتماد اور تعاون کے ساتھ مؤثر اور پائیدار اقدامات کیے جاسکیں۔

اجلاس کے شرکا نے خیبر پختونخوا میں ممکنہ گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ کی مخالفت کرنے والی سیاسی جماعتوں، بالخصوص عوامی نیشنل پارٹی، جمعیت علمائے اسلام اور جماعت اسلامی کے جمہوری مؤقف کا خیرمقدم کیا۔ دونوں کمیٹیوں نے دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی اپیل کی کہ وہ آئین کی بالادستی، جمہوری روایات اور عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔

تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی اور کور کمیٹی نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں لانگ مارچ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

اجلاس میں واضح کیا گیا کہ آئینی و قانونی حقوق، بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور دیگر جائز مطالبات کے حصول کے لیے پُرامن احتجاج تحریک انصاف کا آئینی اور جمہوری حق ہے۔ اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اپنی مصروفیات کے باعث اجلاس میں شریک نہیں ہوسکے، اس لیے ان کے ساتھ کسی اختلاف یا اختلافی گفتگو کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

سیاسی کمیٹی اور کور کمیٹی کے تمام ارکان نے متفقہ طور پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے لانگ مارچ کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے ساتھ کوئی اختلاف نہیں اور وہ مصروفیات کی وجہ سے آج کے اجلاس میں شرکت نہیں کرسکے۔

اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ سیاسی صورتحال، بالخصوص خیبر پختونخوا میں کسی غیر معمولی آئینی یا انتظامی اقدام کی صورت میں سیاسی کمیٹی اور کور کمیٹی دوبارہ مشترکہ اجلاس منعقد کرکے آئندہ کا متفقہ لائحۂ عمل طے کریں گی۔ تحریک انصاف نے آئین کی بالادستی، عوامی مینڈیٹ کے احترام، جمہوری اداروں کے تحفظ اور پُرامن سیاسی جدوجہد کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.