ہاکی ورلڈ کپ،بھارت نے پاکستان کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا
ہاکی ورلڈ کپ کے آخری گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو 3-5 سے شکست دے دی، جس کے بعد پاکستانی ٹیم ایونٹ کے دوسرے مرحلے میں جگہ بنانے میں ناکام ہو گئی۔
ہاکی ورلڈ کپ کے آخری گروپ میچ کے پہلے کوارٹر میں بھارت نے دو گول اسکور کیے جبکہ پاکستان کوئی گول نہ کرسکا، یوں بھارت کو 0-2 کی برتری حاصل ہوگئی۔ دوسرے کوارٹر میں بھارت نے تیسرا گول کرکے برتری 0-3 کردی،تاہم پاکستان نے شاندار واپسی کرتے ہوئے حنان شاہد اور سفیان خان کے گولز کی بدولت اسکور 2-3 کردیا، دوسرے کوارٹر کے اختتام پر بھارت کو 2-4 کی برتری حاصل تھی۔تیسرے کوارٹر میں بھارت نے مزید ایک گول کرکے برتری 2-5 کردی، جبکہ چوتھے کوارٹر میں پاکستان نے تیسرا گول اسکور کیا، تاہم میچ 3-5 سے بھارت کے نام رہا۔ پاکستان کی جانب سے حنان شاہد نے 2 جبکہ سفیان خان نے ایک گول کیا۔
آٹھ سال بعد ہاکی ورلڈ کپ کھیلنے والی پاکستانی ٹیم ایونٹ میں ایک بھی میچ جیتنے میں ناکام رہی، پاکستان کو انگلینڈ نے 1-4 سے شکست دی جبکہ پاکستان اور ویلز کے درمیان میچ 3-3 گول سے برابر رہا۔یوں پاکستان گروپ مرحلے میں صرف ایک پوائنٹ حاصل کرکے ورلڈ کپ کے دوسرے مرحلے میں جگہ بنانے میں ناکام ہوگیا۔