وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے مسلسل دوسرے روز بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کردیا ہے۔
وزارت توانائی نے 19 اگست کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے حکومت کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کے طریقہ کار کی بنیاد پر نئی قیمتوں کا تعین کیا ہے۔
نوٹیکفیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 34 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 334 روپے 54 پیسے فی لیٹر قیمت مقرر ہوگئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے 27 پیسے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 395 روپے 69 پیسے ہوگئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے 19 اگست کے لیے ہوگا۔
واضح رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 10 مرتبہ کمی اور 11 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے وہی ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 6 مرتبہ کمی ہوئی جب کہ 15 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک میں ٹرانسپورٹ، مال برداری اور دیگر شعبوں کے اخراجات بڑھنے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ اور روزمرہ استعمال کی مختلف اشیا کی قیمتوں پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔