پاکستان تحریک انصاف نے کارکنان سے اپیل کی ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسپتال منتقل کیے جانے کے موقع پر اسپتال کے باہر جمع نہ ہوں۔
پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت اور علاج کے مفاد میں اسپتال کے باہر پُرامن ماحول برقرار رکھا جائے اور عدالتی احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے میں تعاون کیا جائے۔ بیان میں کہا گیا کہ کروڑوں پاکستانی کئی ہفتوں سے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کر رہے تھے۔
عالمی بینک نے سیلاب بحالی منصوبے پر تحفظات کا اظہار کردیا
بیان کے مطابق عدالت عظمیٰ کے حکم سے بانی پی ٹی آئی کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے مطالبے کو تقویت ملی ہے اور توقع ہے کہ متعلقہ حکام عدالتی احکامات پر من و عن عمل کریں گے۔ ذاتی معالج اور اہل خانہ کی شمولیت سے بانی پی ٹی آئی کی طبی تاریخ کا غیر جانبدارانہ جائزہ ممکن ہوگا، پی ٹی آئی نے عدالتی حکم پر فوری اور بلا تاخیر عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے۔
سپریم کورٹ کا عمران خان کو نجی اسپتال منتقل کرنے کا حکم
پی ٹی آئی کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں بانی پی ٹی آئی کی اہل خانہ سے ملاقات بھی یقینی بنائی جائے اور مشکل وقت میں قانونی و انسانی حقوق کا مکمل خیال رکھا جائے۔
پی ٹی آئی نے بانی پی ٹی آئی کے بنیادی حقِ صحت اور انسانی وقار کے تحفظ کو سراہتے ہوئے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ عمران خان کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے اور ماہر ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔ بانی پی ٹی آئی کے مکمل طبی معائنے کے لیے آنکھ، دل اور دیگر امراض کے ماہرین کو میڈیکل بورڈ میں شامل کیا جائے گا، جبکہ میڈیکل بورڈ میں ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر عظمیٰ خان کی شمولیت بھی یقینی بنائی جائے۔