Gas Leakage Web ad 1

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 17 نکاتی ایجنڈے پر اہم فیصلے کر لیے، اربوں روپے کے فنڈز کی منظوری

0

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کے 17 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں چھوٹے کاروباروں، کسانوں، سستی رہائش، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر شعبوں کے لیے مختلف اقدامات اور فنڈز کی منظوری دی گئی۔

Gas Leakage Web ad 2

کمیٹی نے چھوٹے کاروباروں اور کسانوں تک قرضوں کی رسائی بڑھانے کے لیے اسٹیٹ بینک کے نئے مالیاتی طریقہ کار کی منظوری دی، جس کے تحت مائیکروفنانس اور دیگر غیر بینکاری مالیاتی اداروں کو حکومتی قرض ضمانتی اسکیموں میں شامل کیا جاسکے گا۔ کم آمدن والے گھرانوں کے لیے سستی رہائش کے قرضوں کی ضمانت کی سہولت بڑھانے کے لیے کریڈٹ گارنٹی فنڈ کے دائرہ کار میں توسیع بھی منظور کی گئی، جبکہ سمیڈا کے بزنس پلان پر عملدرآمد کے لیے 2 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور ہوئی۔

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی بندش کا عمل مکمل کرنے اور فوری مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے 11 ارب 32 کروڑ 90 لاکھ روپے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے لیے 8 ارب روپے جبکہ تھر کول ریل رابطہ منصوبے کے لیے 10 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔ بلدیاتی انتخابات اور متعلقہ انتظامات کے لیے بھی مجموعی طور پر مختلف فنڈز کی منظوری دی گئی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم آفس اور اسٹاف کالونی کی مرمت کے لیے 30 کروڑ روپے، COP31 میں پاکستان کی شرکت کے اخراجات کے لیے 15 کروڑ روپے اور پاکستان اسپورٹس انڈومنٹ فنڈ کو فعال بنانے کے لیے تقریباً 93 کروڑ 45 لاکھ روپے منظور کیے۔ ایک ہزار پاکستانی زرعی ماہرین کی چین میں مختصر مدتی تربیت کے لیے بھی تقریباً ایک ارب 66 کروڑ 62 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں 2026 کی تمباکو فصل کی کم از کم رہنما قیمتوں اور مالی سال 2026-27 کے لیے سیس کی شرحوں میں نظرثانی کی تجویز منظور کی گئی، جبکہ پاسکو کی واجب الادا رقوم کی براہ راست کٹوتی کا معاملہ مزید مشاورت کے لیے مؤخر کردیا گیا۔ مقامی ٹائر صنعت کے فروغ کے لیے درآمدی ٹائروں پر اضافی کسٹمز ڈیوٹی سے متعلق ایس آر او میں ترمیم اور ایف بی آر اصلاحاتی منصوبے پر عملدرآمد کے لیے پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ کو 4 ارب روپے کی منظوری بھی دی گئی۔

کمیٹی نے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی رقوم کو منظور شدہ طریقہ کار کے تحت حکومتی سیکیورٹیز میں سرمایہ کاری کے لیے استعمال کرنے کی بھی منظوری دی، جس کا مقصد فنڈ کے وسائل کا بہتر استعمال اور مالی استحکام یقینی بنانا ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.