Gas Leakage Web ad 1

گلگت بلتستان میں لینڈ ریفارمز، عوامی شکایات اور سرکاری اداروں میں اصلاحات پر اہم فیصلے

0

گلگت بلتستان میں لینڈ ریفارمز ایکٹ پر فوری عملدرآمد، عوامی شکایات کے ازالے اور سرکاری اداروں میں اصلاحات کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

Gas Leakage Web ad 2

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے صوبائی سیکریٹری داخلہ، ایس ایم بی آر، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ لینڈ ریفارمز ایکٹ کے ذریعے حل کیا گیا ہے، اس لیے اس پر عملدرآمد میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ اپنے اضلاع میں ایک موضع کو ماڈل بنا کر لینڈ ریفارمز ایکٹ پر عملی کام کا آغاز کریں۔
بیٹی کے چیلنج پر ایم بی اے پروگرام میں داخلہ لینے میں کامیاب ہونے والا باپ
وزیر اعلیٰ نے 54 میگاواٹ عطاء آباد پاور پروجیکٹ کی زمینوں کے معاوضوں کی عدم ادائیگی پر ڈپٹی کمشنر ہنزہ سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کو فوری معاوضے ادا کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ عطاء آباد پاور پروجیکٹ گلگت بلتستان میں بجلی کے بحران کے خاتمے کے لیے اہم منصوبہ ہے اور قومی مفاد کے منصوبوں میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو مارکیٹوں میں غیر معیاری اشیاء کے خلاف کارروائی کرنے اور حکومت کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ میں سٹیزن کمپلین سیل کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

سٹیزن کمپلین سیل کے ذریعے شہری کسی بھی وقت اپنی شکایات اور مسائل درج کرا سکیں گے، جبکہ متعلقہ محکموں کو ان کے فوری ازالے کے لیے ہدایات جاری کی جائیں گی۔ شہری اپنی درخواست یا شکایت کی پیش رفت آن لائن بھی دیکھ سکیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے آئی ٹی ٹیم کو کمپلین سیل کو مزید آسان بنانے اور اسے واٹس ایپ اور موبائل ایپ سے منسلک کرنے کی ہدایت بھی کی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گڈ گورننس یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

اس سے قبل وزیر اعلیٰ امجد حسین نے دنیور منوگاہ نالہ کے شہداء کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیور اور محمد آباد کے عوام کو پانی کی فراہمی کے لیے رضاکارانہ طور پر کام کرتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے افراد ہمارے ہیروز ہیں۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین اور واقعے میں زخمی ہونے والے افراد سے ملاقات کرکے ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ منوگاہ نالہ میں روڈ کی تعمیر کو آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا جائے گا، جبکہ عوامی شراکت سے واٹر چینل کی پختگی کے لیے بھی خصوصی منصوبہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب اور قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کم کرنے کے لیے صوبے کے تمام نالوں کی چینلائزیشن پر توجہ دی جا رہی ہے۔

دریں اثناء نیٹکو میں اصلاحات کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نیٹکو ایک قومی ادارہ ہے اور اسے جدید تقاضوں کے مطابق منافع بخش ادارہ بنانے کے لیے فوری اصلاحات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ایم ڈی نیٹکو کو ہدایت کی کہ صرف حکومتی گرانٹ پر انحصار کرنے کے بجائے آمدن میں اضافے کے لیے کمرشل ماڈلز متعارف کرائے جائیں، جبکہ نیٹکو کی ملکیتی زمینوں، سروس ایریاز اور پیٹرول پمپس کو بھی تجارتی بنیادوں پر وسعت دی جائے۔

وزیر اعلیٰ نے نجی شعبے کے تعاون سے نیٹکو کی استعداد کار بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے صوبائی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

قراقرم کوآپریٹیو بینک لمیٹڈ کے حوالے سے اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے ادارے کے تحفظ اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ماہر کنسلٹنٹس کی سفارشات کی روشنی میں بینک کی ڈیجیٹلائزیشن پر کام کیا جائے۔

وزیر اعلیٰ نے قراقرم کوآپریٹیو بینک لمیٹڈ کو شیڈول بینک کا درجہ دلانے کے لیے فوری اقدامات کرنے اور ادارے کی استعداد کار بڑھانے پر بھی زور دیا۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.