حکومت کا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں یومیہ جاری کرنے کا اعلان
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اعلان کیا ہے کہ اوگرا روزانہ کی بنیاد پر بین الاقوامی قیمتوں کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کا فیصلہ کرے گی۔
اسلام آباد میں وزیراطلاعات کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرپیٹرولیم نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر ہو گا جس کے لیے اوگرا قیمتوں کا یومیہ تعین کرے گی اور نوٹیفائی کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی یومیہ قیمت کا بینچ مارک 7دن کی اوسط قیمت ہو گی، اس طریقہ کار میں شفافیت ہے عوام سمجھ سکیں گے قیمت کیا رکھی گئی ہے۔
علی پرویز ملک نے بتایا کہ عالمی سطح پر پیٹرولیم قیمتوں میں اتارچڑھاؤ کے مطابق اوگرا قیمتوں کا تعین حکومت سے پوچھے بغیر کرے گی اور اوگرا قیمتوں کے حوالےسے فیصلہ روزانہ ویب سائٹ پرجاری کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کوڈی ریگولیشن کی طرف لےجا رہی ہے، کسی قسم کا اضافی بوجھ عوام پر نہیں ڈالا گیا شہبازشریف نے آج بھی قانون نافذ کرنیوالی ایجنسیز کو ہدایت جاری کی ہیں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پیٹرول کی ناجائز منافع خوری پر سخت سے سخت کارروائی ہو گی، ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا ڈیڑھ سے 2ماہ کا ذخیرہ موجود ہے۔