معروف میزبان و اداکارہ صنم جنگ نے کراچی میں ای چالان نظام کے باعث پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان واپس آئے ایک ماہ ہوا ہے اور اس دوران انہیں 6 مرتبہ ڈرائیونگ جرمانوں کا سامنا کرنا پڑا۔
صنم جنگ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جاری ویڈیو میں بتایا کہ جرمانوں کی وجہ سے ان کے والد بھی ان سے ناراض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلا جرمانہ فون پر بات کرنے کی وجہ سے ہوا، جو ان کی غلطی تھی اور وہ اسے تسلیم کرتی ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ بعد میں انہیں ایسے معاملات پر بھی جرمانے موصول ہوئے جو ان کے مطابق انہوں نے کیے ہی نہیں، جن میں سیٹ بیلٹ نہ پہننے کا چالان بھی شامل ہے۔
صنم جنگ کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ سیٹ بیلٹ استعمال کرتی ہیں کیونکہ بیرونِ ملک رہنے کی وجہ سے یہ ان کی عادت بن چکی ہے اور وہ سیٹ بیلٹ باندھنے کے بعد ہی گاڑی چلانا شروع کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آ رہی کہ ایسا کیوں ہو رہا ہے کہ جن کاموں کا ارتکاب نہیں کیا، ان پر بھی جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں، جبکہ گھر میں انہیں الگ سے ڈانٹ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔