برطانوی شہزادہ ولیم نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں ارجنٹینا کے ہاتھوں انگلینڈ کی شکست کے بعد اپنی فٹبال ٹیم کے لیے جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔
شہزادہ ولیم نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ کے ذریعے انگلینڈ کی ٹیم کے کھلاڑیوں کی میچ کے دوران بھرپور مقابلہ کرنے اور کامیابی کی کوششوں کو سراہا۔
اپنی انسٹا اسٹوری میں انگلینڈ کی ٹیم سے مخاطب ہوتے ہوئے شہزادہ ولیم نے شکست پر افسوس کا اظہار کیا اور لکھا کہ آپ نے اپنی پوری کوشش کی، ہمیں اس شاندار ٹورنامنٹ میں آپ کی کارکردگی پر بہت فخر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں نے میدان میں غیر معمولی جذبے، اعتماد اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، جس نے سب کو متاثر کیا۔
شہزادہ ولیم نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ اپنے سر فخر سے بلند رکھیں، کیونکہ انہوں نے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جس کے بعد انگلینڈ ٹورنامنٹ کی دوڑ سے باہر ہو گیا۔