(سٹاف رپورٹر/نیوز ڈیسک)پنجاب حکومت نے گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کا فیصلہ واپس لے لیا، فرد کا اجرا دوبارہ شروع

پنجاب حکومت نے گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے نفاذ کا فیصلہ صرف 10 روز بعد واپس لیتے ہوئے دوبارہ نقلِ اراضی ریکارڈ (فرد) کے اجرا کا عمل بحال کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اراضی کا مکمل ریکارڈ آن لائن دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا تھا، جس کے باعث حکومت نے پالیسی پر نظرثانی کرتے ہوئے سابقہ نظام بحال کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس فیصلے کے بعد پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے "نقلِ اراضی ریکارڈ” کے نام سے فرد جاری کرنا دوبارہ شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دستاویز کی فیس 5 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
تاہم یہ سہولت فی الحال صرف کمپیوٹرائزڈ موضعات تک محدود ہے، جبکہ نان کمپیوٹرائزڈ اور مینول موضعات کے لیے تاحال کوئی واضح پالیسی سامنے نہیں آئی، جس کے باعث ان علاقوں کے شہریوں کو بدستور مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے نان کمپیوٹرائزڈ اراضی ریکارڈ کے حوالے سے آئندہ حکمت عملی پر غور جاری ہے۔



