واشنگٹن میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے پاکستان میں تیار کیے گئے آفیشل فٹ بال ’’ٹرائیونڈا‘‘ ورلڈ بینک کے صدر کو بطور تحفہ پیش کر دیا۔
ورلڈ بینک کے صدر نے پاکستان میں تیار کردہ کھیلوں کی مصنوعات، خصوصاً ’’ٹرائیونڈا‘‘ فٹ بال کے اعلیٰ معیار کو سراہتے ہوئے اس کی تعریف کی۔
اس موقع پر سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان کھیلوں کے ذریعے عالمی برادری کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
نوجوان قیمتی سرمایہ، تعلیم، ہنر اور روزگار پر سرمایہ کاری ناگزیر ہے: صدر، وزیراعظم
انہوں نے کہا کہ ’’ٹرائیونڈا‘‘ کا اعلیٰ معیار اور فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے پاکستان میں تیار کردہ فٹ بال کا انتخاب ملک کے لیے اعزاز اور باعثِ فخر ہے۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ معیاری کھیلوں کی مصنوعات کی تیاری کے حوالے سے سیالکوٹ عالمی شہرت رکھتا ہے اور پاکستان کی اس صنعت پر دنیا کے اعتماد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کا اعتماد اور تعاون پاکستان کی اسپورٹس انڈسٹری کے لیے انتہائی حوصلہ افزا ہے۔
سفیر پاکستان نے ورلڈ بینک کے ساتھ طویل المدت شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ جاری اور آئندہ منصوبوں کو باہمی تعاون کے ذریعے مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔