پاکستان 12 اور 13 جولائی 2026 کو ایک اہم بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کرے گا، جس کے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں کانفرنس کے ایجنڈے، پروٹوکول، سکیورٹی انتظامات اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ملک ریحان اعظم شطرنج فیڈریشن آف پاکستان کے اعزازی نائب صدر مقرر
اجلاس میں شرکاء نے کانفرنس کے انعقاد کے لیے لاجسٹک انتظامات، میڈیا کوریج، بین الوزارتی رابطہ کاری اور دیگر تنظیمی معاملات پر غور کیا۔ اس موقع پر کانفرنس کو ہر لحاظ سے کامیاب بنانے کے لیے مختلف تجاویز اور عملی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے وزارتِ انسانی حقوق کی جانب سے کانفرنس کی تیاریوں اور اب تک ہونے والی پیش رفت کو سراہا۔ انہوں نے متعلقہ وزارتوں، اداروں اور محکموں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی تعاون، مؤثر رابطہ کاری اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے کانفرنس کے تمام انتظامات کو بروقت مکمل کریں تاکہ یہ اہم بین الاقوامی اجتماع کامیابی سے منعقد ہو سکے۔
نائب وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کانفرنس کے انعقاد کے دوران تمام انتظامی، سکیورٹی اور سفارتی تقاضوں کو یقینی بنایا جائے اور بین الاقوامی مندوبین کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ پاکستان کی میزبانی اور تنظیمی صلاحیتوں کا مثبت تاثر اجاگر ہو۔