Gas Leakage Web ad 1

سپریم کورٹ کا بہنوں کو 71 سال بعد وراثتی جائیدار میں حصہ دینے کا حکم

0

سپریم کورٹ آف پاکستان نے خواتین کے وراثتی حقوق سے متعلق ایک اہم فیصلے میں قرار دیا ہے کہ وراثت خاندان کے مردوں کی مہربانی نہیں بلکہ ہر وارث کا شرعی اور قانونی حق ہے، جو مورث کے انتقال کے ساتھ ہی خود بخود منتقل ہو جاتا ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے نور محمد کی اپیل پر 14 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو وراثت سے محروم کرنے کے لیے جعلی ہبہ، جعلی انتقال، فراڈ، خاندانی دباؤ یا رسم و رواج کو ہرگز قبول نہیں کیا جا سکتا۔

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کی سرحد پر افغان طالبان رجیم کے 4 ڈرونز مار گرائے: آئی ایس پی آر

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ خواتین کے وراثتی حصے علامتی یا اختیاری نہیں بلکہ لازمی حقوق ہیں اور انہیں خاندانی عزت، روایت یا سماجی دباؤ کے نام پر ان کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ فیصلے میں مزید کہا گیا کہ ریاست، عدالتیں اور ریونیو حکام خواتین کے وراثتی حقوق کے تحفظ کے ذمہ دار ہیں اور خواتین کو صرف کاغذی نہیں بلکہ عملی طور پر بھی ان کا حق ملنا چاہیے۔

عدالت کے مطابق ریکارڈ سے ثابت ہوا کہ 1955 میں والد کے انتقال کے بعد دونوں بھائیوں نے وراثتی جائیداد اپنے نام منتقل کرا لی اور زبانی ہبہ کو بنیاد بنا کر والدہ اور بہنوں کو جائیداد سے محروم کر دیا۔ درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ زبانی ہبہ جعلسازی کے ذریعے منظور کرایا گیا تھا۔

فیصلے میں واضح کیا گیا کہ زبانی ہبہ ثابت کرنے کا بوجھ اس فریق پر ہوتا ہے جو اس سے فائدہ حاصل کر رہا ہو، تاہم ماتحت عدالتوں نے اس اصول کا درست اطلاق نہیں کیا۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ ٹرائل کورٹ، اپیلیٹ کورٹ اور ہائی کورٹ کے فیصلے حقائق اور قانون دونوں کے برعکس تھے۔

عدالت نے یہ بھی نوٹ کیا کہ مبینہ ہبہ کے کئی برس بعد تک والدہ اور بہنوں کو زمین کی آمدن میں حصہ ملتا رہا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ انہیں مبینہ ہبہ سے لاعلم رکھا گیا تھا۔

سپریم کورٹ نے تاخیر سے دعویٰ دائر کرنے کے اعتراض کو بھی مسترد کرتے ہوئے درخواست گزاروں کی اپیل منظور کر لی، ماتحت عدالتوں کے تمام فیصلے کالعدم قرار دے دیے اور متعلقہ ریونیو حکام کو ہدایت کی کہ وراثتی ریکارڈ قانون کے مطابق درست کیا جائے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.