گلگت بلتستان میں انتخابی دنگل سج گیا، پولنگ شروع
گلگت بلتستان میں انتخابی دنگل سج گیا، پولنگ کا وقت شروع ہو گیا، جو آج شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔
گلگت بلتستان کے 24 حلقوں کے ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں مجموعی طور پر 12 سے زائد جماعتوں اور آزاد سمیت 396 امیدوار میدان میں ہیں۔
شفاف اور پرامن انتخابی عمل کے لیے 7678 افراد پر مشتمل انتخابی عملہ اور 12 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہیں، انتخابی عمل کی نگرانی کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، اسکردو میں فلیگ مارچ بھی کیا گیا۔
پولنگ اسٹیشنز کے اندر موبائل فونز اور ریکارڈنگ ڈیوائسز لے جانے پر مکمل پابندی عائد ہے، اس پابندی سے الیکشن کمیشن کے اجازت نامہ ہولڈر میڈیا نمائندے اور مبصرین مستثنیٰ ہوں گے۔
17 نشستوں کی سادہ اکثریت
حکومت سازی کے لیے کسی بھی جماعت یا اتحاد کو 17 نشستوں کی سادہ اکثریت درکار ہوگی، 24 نشستوں پر 8 خواتین سمیت 400 سے زائد امیدوار آمنے سامنے ہیں۔
9لاکھ 63 ہزار، پانچ لاکھ 6 ہزار مرد اور 4 لاکھ 56 ہزار خواتین ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، گلگت بلتستان اسمبلی کل 33 نشستوں پر مشتمل ہے، 24 براہ راست منتخب ارکان 6 خواتین نشستیں، 3 نشستیں ٹیکنو کریٹس کے لیے مختص ہیں۔
دیامر اور اسکردو سیاسی طور پر انتہائی اہم اضلاع ہیں دونوں ضلعوں میں چار، چار انتخابی حلقے ہیں۔ گلگت، غذر اور گانچھے میں تین، تین انتخابی حلقے جب کہ نگر اور استور کے حصے میں دو دو انتخابی حلقے ہیں۔
اس کے علاوہ ہنزہ، شگر اور کھرمنگ چھوٹے اضلاع ہیں اور ان میں سے ہر ایک ضلع میں ایک ایک انتخابی حلقہ ہے۔