Gas Leakage Web ad 1

مزاح کے بے تاج بادشاہ ننھا کو بچھڑے 40 برس بیت گئے

0

اپنے منفرد اندازِ اداکاری، معصوم مزاح اور بے ساختہ جملوں کے ذریعے لاکھوں لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے ننھا آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔

Gas Leakage Web ad 2

1942 میں ساہیوال میں پیدا ہونے والے رفیع خاور نے دو دہائیوں تک پاکستانی فلم اور ٹیلی ویژن انڈسٹری پر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ ان کا گول مٹول چہرہ، منفرد اندازِ گفتگو اور فطری مزاح انہیں اپنے دور کے دیگر فنکاروں سے ممتاز بناتا تھا، جس کے باعث وہ ہر عمر کے ناظرین میں بے حد مقبول رہے۔

غیر استعمال شدہ بجلی یونٹس کی مد میں کھربوں روپے کی وصولی چیلنج

ننھا کو ملک گیر شہرت الف نون سے حاصل ہوئی، جس میں ان کی شاندار اداکاری نے انہیں گھر گھر متعارف کرایا۔ اس ڈرامے میں ان کی جوڑی کمال احمد رضوی کے ساتھ بے حد پسند کی گئی اور آج بھی پاکستانی ٹیلی ویژن کی تاریخ کی یادگار جوڑیوں میں شمار ہوتی ہے۔

ان کا فلمی سفر 1966 میں وطن کا سپاہی سے شروع ہوا، تاہم دبئی چلو نے انہیں شہرت کی نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ بعد ازاں انہوں نے متعدد کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور خود کو پاکستان کے صفِ اول کے مزاحیہ اداکاروں میں شامل کر لیا۔

ننھا کی مقبول ترین فلموں میں سوہرا تے جوائی، سالا صاحب، نوکر تے مالک، نمک حلال، تیری میری اک مرضی اور مہندی شامل ہیں۔ خصوصاً فلم "سالا صاحب” نے لاہور کے سینما گھروں میں مسلسل 300 ہفتوں تک نمائش کا منفرد ریکارڈ قائم کیا، جو پاکستانی فلمی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل سمجھا جاتا ہے۔

فلمی دنیا میں ننھا اور رنگیلا کی جوڑی کو غیر معمولی مقبولیت حاصل رہی۔ دونوں فنکار جب بھی ایک ساتھ سکرین پر نظر آتے تو شائقین کو بھرپور تفریح فراہم کرتے۔ ننھا نے ممتاز، انجمن، رانی، مسرت شاہین، دردانہ رحمان اور نازلی سمیت کئی معروف اداکاراؤں کے ساتھ یادگار کردار ادا کیے۔

لوگوں کو ہنسانے اور خوشیاں بانٹنے والے ننھا 2 جون 1986 کو اپنے مداحوں کو سوگوار چھوڑ کر دنیا سے رخصت ہو گئے، تاہم چار دہائیاں گزر جانے کے باوجود ان کا فن، مزاح اور یادگار کردار آج بھی زندہ ہیں۔ شوبز حلقوں اور مداحوں کے نزدیک ننھا کی خدمات پاکستانی فلم اور ٹیلی ویژن انڈسٹری کا ایک قیمتی سرمایہ ہیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.