پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سردار عابد حسین عابد کو پاکستان پیپلزپارٹی آزاد جموں وکشمیر کا مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری مقرر کر دیا گیا
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اطلاعات سردار عابد حسین عابد کو پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کا مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری مقرر کر دیا گیا ہے۔ یہ تعیناتی چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی نامزدگی اور مرکزی صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر چوہدری محمد یاسین کی منظوری کے بعد جنرل سیکرٹری فیصل ممتاز راٹھور کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری ہونے پر عمل میں آئی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی پریکٹس کے دوران حادثہ، سر پر گیند لگنے سے پلیئر شدید زخمی
سردار عابد حسین عابد پارٹی کے سینئر اور نظریاتی رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں، جنہوں نے اپنی طویل سیاسی جدوجہد کے دوران قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ انہوں نے پارٹی کے مختلف اہم عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں، جن میں سابق وزیر اطلاعات، سابق مشیر حکومت، سابق چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی، اور بینظیر بھٹو کے دور میں پارٹی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری کا عہدہ شامل ہے۔ اس کے علاوہ وہ پارٹی کے سیکرٹری مالیات اور طلباء تنظیم کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔ ان کی طویل جدوجہد اور قربانیاں بالخصوص پیپلز پارٹی اور بالعموم تمام سیاسی کارکنوں کے لیے مشعلِ راہ سمجھی جاتی ہیں، اور اس نامزدگی سے جیالوں اور راولاکوٹ کے نوجوانوں میں نیا جذبہ اور ولولہ پیدا ہوا ہے۔
سردار عابد حسین عابد کی اس نئی تعیناتی کو کارکنوں نے بھرپور خوشی اور جوش کے ساتھ سراہا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق یہ اقدام نوجوان قیادت اور سینئر رہنماؤں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے اور تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے سردار عابد حسین عابد کی خدمات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پارٹی آزاد جموں و کشمیر میں مزید فعال اور مستحکم ہوگی، اور یہ تقرری کارکنوں کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوگی۔
اس موقع پر پارٹی کے مختلف عہدیداران اور کارکنوں نے سردار عابد حسین عابد کو مبارکباد دی اور آئندہ انتخابات میں بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا، جس سے پارٹی کے اندر جوش و جذبہ مزید بڑھ گیا۔