وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید کیپٹن عباس خان کے اہل خانہ سے تعزیت کے لیے ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل کا دورہ کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ مختصر دورے پر لنڈی کوتل پہنچے، جہاں انہوں نے کنڈوخیل میں واقع شہید کیپٹن عباس خان کی رہائش گاہ کا رخ کیا اور اہل خانہ سے ملاقات کی۔
دنیا کی سب سے تیز ترین لفٹ کہاں ہے؟
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ کے ہمراہ انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نارتھ عمران تاج اور ڈپٹی کمشنر خیبر شاہد اقبال بھی موجود تھے۔ محسن نقوی نے شہید کے والد اور بھائیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور شہید کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کیپٹن عباس خان کی قربانی پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے اور وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔ انہوں نے شہید کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
واضح رہے کہ شہید کیپٹن عباس خان تین روز قبل وادی تیراہ میں پیش آنے والے ایک واقعے کے دوران کاپٹر ڈرون سے فائر کیے گئے گولے کے پھٹنے کے نتیجے میں شہید ہو گئے تھے۔