پاکستان کے لیجنڈ فاسٹ بولر وسیم اکرم کا ریکارڈ توڑنے کے باوجود آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک اب بھی وسیم اکرم کو دنیا کا بہترین لیفٹ آرم فاسٹ بولر مانتے ہیں۔
ایشز کے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں مچل اسٹارک نے انگلینڈ کے خلاف بولنگ کرتے ہوئے وسیم اکرم کی 414 وکٹوں کا ریکارڈ توڑا اور وہ ٹیسٹ تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے لیفٹ آرم فاسٹ بولر بن گئے۔
اولمپیئن ایتھلیٹ عبدالرشید انتقال کر گئے
پہلے دن کے کھیل کے بعد پریس کانفرنس میں جب مچل اسٹارک سے پوچھا گیا کہ کیا وہ خود کو اب تک کا سب سے بہترین لیفٹ آرم فاسٹ بولر سمجھتے ہیں، تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ ایسا نہیں سمجھتے۔ ان کا کہنا تھا کہ وسیم اکرم اب بھی ان سے کہیں بہتر بولر ہیں اور لیفٹ آرم بولرز میں سب سے آگے ہیں۔
مچل اسٹارک نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ان کا نام وسیم اکرم جیسے عظیم بولر کے ساتھ لیا جا رہا ہے، مگر وہ صرف اپنی بولنگ سے ٹیم کے لیے وکٹیں لینے پر توجہ دیتے ہیں۔
گزشتہ روز وسیم اکرم نے بھی سوشل میڈیا پر مچل اسٹارک کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک محنتی بولر ہیں اور ان کے ریکارڈ توڑنے پر انہیں خوشی ہے، ساتھ ہی انہوں نے اسٹارک کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے فاسٹ بولر انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن ہیں، جنہوں نے 188 ٹیسٹ میچوں میں 704 وکٹیں حاصل کیں۔