خیبرپختونخوا کابینہ میں غیرمنتخب افراد کی شمولیت پر ارکان اسمبلی نے احتجاج کی دھمکی
خیبرپختونخوا کابینہ میں غیرمنتخب افراد کی شمولیت پر ارکان اسمبلی نے احتجاج کی دھمکی
پشاور: خیبرپختونخوا کابینہ میں غیرمنتخب افراد کی ممکنہ شمولیت پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان اسمبلی نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کی دھمکی دے دی ہے۔
گزشتہ روز وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ارکان اسمبلی نے کابینہ کی تشکیل سے متعلق حتمی تجاویز پیش کیں۔
دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور دوسرے نمبر پر آگیا
ممبران کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے 92 منتخب ارکان کی موجودگی کے باوجود غیرمنتخب افراد کو کابینہ میں شامل کرنا ناانصافی ہے۔ ارکان نے مطالبہ کیا کہ وزرا، مشیران اور معاونین خصوصی کے عہدے صرف منتخب ارکان کو دیے جائیں، بصورت دیگر غیرمنتخب افراد کی شمولیت کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کی نئی کابینہ کے لیے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے اور پہلے مرحلے میں 8 سے 10 اہم محکموں کے وزرا کا اعلان جلد متوقع ہے۔ بقیہ وزرا کے نام بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے بعد حتمی کیے جائیں گے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ نئی کابینہ میں پرانے اور نئے دونوں چہرے شامل ہوں گے، جب کہ اہم محکموں کے وزرا کا فوری اعلان ان کے کام میں تسلسل برقرار رکھنے کے لیے کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے ملاقات کی اجازت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے، تاکہ صوبائی حکومت کے معاملات اور کابینہ کی تشکیل پر مشاورت کی جا سکے۔