ممبئی: بالی وڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان اور کاجول کی مشہور فلم *دل والے دلہنیا لے جائیں گے* نے ممبئی کے معروف مراٹھا مندر تھیٹر میں لگاتار تیس سال مکمل کرکے نیا ریکارڈ قائم کر لیا ہے۔
یہ فلم انیس سو پچانوے میں ریلیز ہوئی تھی، جس نے بالی وڈ کی رومانوی فلموں کا انداز بدل دیا اور کروڑوں شائقین کے دلوں میں اپنی خاص جگہ بنا لی۔ حیرت انگیز طور پر یہ فلم آج بھی اسی تھیٹر میں روزانہ ایک شو کے ساتھ نمائش پذیر ہے، اور اس طرح بھارت کی تاریخ میں سب سے طویل عرصے تک چلنے والی فلم بن چکی ہے۔
سلمان خان جذباتی ہوگئے مگر کیوں؟جانئے
تھیٹر کے منتظم منوج دیسائی کے مطابق *دل والے دلہنیا لے جائیں گے* آج بھی بے حد مقبول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر روز درجنوں طلبہ، سیاح اور نوجوان جوڑے فلم دیکھنے آتے ہیں، جب کہ ویک اینڈ پر سنیما ہال مکمل طور پر بھر جاتا ہے۔
فلم کے مشہور مناظر، خاص طور پر وہ منظر جب راج (شاہ رخ خان) اپنی محبوبہ سمرن (کاجول) کو ٹرین پر چڑھاتا ہے، آج بھی ناظرین کو وہی جذباتی جوش اور تالیاں بجانے پر مجبور کر دیتا ہے۔
دو ہزار پندرہ میں تھیٹر انتظامیہ نے فلم کی روزانہ نمائش بند کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا، لیکن شائقین کے بھرپور احتجاج کے بعد اسے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تین دہائیاں گزرنے کے باوجود یہ فلم آج بھی ممبئی کے پردے پر اپنی مقبولیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔