پاکستان فٹبال فیڈریشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کا پندرہ نکاتی ایجنڈا تیار کر کے اراکین کو بھجوا دیا گیا ہے، جس میں فرنچائز لیگ، نئے بینک اکاؤنٹس کا قیام، جنرل سیکرٹری کی تقرری اور مختلف کمیٹیوں کی تشکیل شامل ہیں۔ اجلاس کے دوران صدر محسن گیلانی فیفا اور اے ایف سی سے ہونے والی ملاقاتوں کی تفصیل پیش کریں گے، جبکہ آذربایجان اور چین کی فٹبال ایسوسی ایشنز کے ساتھ معاہدوں پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے نئے لوگو پر بھی غور کیا جائے گا، اور ساتھ ہی پریمیئر لیگ، فرنچائز لیگ اور چیلنج کپ کے آغاز پر بات چیت ہوگی۔ اجلاس میں پی ایف ایف کے نئے بینک اکاؤنٹس کھولنے اور سالانہ بجٹ کی منظوری دی جائے گی، جبکہ سابق نارملائزیشن کمیٹی سے ریکارڈ کی وصولی کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔